ٹرمپ نے بائیڈن کے ذریعہ بیٹے کو معافی دینے کے فیصلے پر اٹھائے سوال، طاقت کا غلط استعمال کرنے پر لگائی پھٹکار
نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا "کیا جو معافی بائیڈن نے اپنے بیٹے ہنٹر کو دی ہے، اس میں جے-6 قیدی بھی شامل ہیں؟ جو سالوں سے جیل میں بند ہیں۔"

ڈونلڈ ٹرمپ، تصویر آئی اے این ایس
امریکی صدر کے عہدہ سے جاتے جاتے بائیڈن نے اپنے بیٹے ہنٹر کو معافی دے دی ہے جس سے انہیں ممکنہ جیل کی سزا سے راحت مل گئی ہے۔ بائیڈن کے اس فیصلے نے اب طول پکڑ لیا ہے۔ نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بائیڈن نے اپنی طاقت کا غلط استعمال کیا ہے۔
نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا ہے "کیا جو معافی بائیڈن نے اپنے بیٹے ہنٹر کو دی ہے، اس میں جے-6 قیدی بھی شامل ہیں؟ جو سالوں سے جیل میں بند ہیں۔" ٹرمپ نے کہا کہ انصاف کا یہ کیسا بیجا استعمال ہے۔
ٹرمپ کے پوسٹ میں مذکور جے-6 قیدی ان لوگوں کو کہا گیا ہے جنہیں 6 جنوری 2021 سے کیپٹل ہل پر ہوئے فساد میں ان کے کردار کے لیے قید کیا گیا تھا۔ ٹرمپ اور ان کے حامیوں نے قید کیے گئے لوگوں کو 'یرغمال' کہا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ وہ پُرامن اور حب الوطنی سے کام کر رہے تھے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایک بار جب ٹرمپ صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے تو وہ ان لوگوں کو معافی دے دیں گے جو 6 جنوری 2021 کو کیپٹل ہل کی گھیرابندی میں ان کے کردار کے لیے جیل میں بند ہیں۔
واضح ہو کہ بائیڈن نے اتوار کو اپنے بیٹے ہنٹر کی معافی کو لے کر دستخط کیے، جنہیں بندوق جرائم اور ٹیکس خلاف ورزی سے متعلق الزامات میں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔ معافی یہ یقینی کرتی ہے کہ ہنٹر کو اب ان جرائم کے لیے سزا کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور جیل جانے کا امکان ختم ہو جائے گا۔
بائیڈن نے کہا تھا کہ ہنٹر کو صرف اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ وہ ان کے بیٹے ہیں۔ بائیڈن نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میں اصول پر عمل کیا ہے۔ وہ ہمیشہ غیر جانبدار رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا "میں نظام انصاف میں یقین کرتا ہوں"۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔