ٹرمپ کا ایک اور حکم صادر، کینیڈا-میکسیکو پر 25 فیصد اور چین پر 10 فیصد ٹیرف نافذ، تجارتی جنگ کا خطرہ!

حکم پر دستخط کرنے کے بعد صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا، "یہ قدم غیر قانونی تارکین وطن اور مہلک ڈرگس بالخصوص فینٹنل کے سبب امریکی شہریوں کی جان خطرے میں پڑنے کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے"

<div class="paragraphs"><p>امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ</p></div>

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

user

قومی آواز بیورو

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ عہدہ سنبھالتے ہی زبردست ایکشن موڈ میں ہیں اور انہوں نے فیصلوں کی جھڑی لگا کر عالمی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ اپنے تازہ فیصلے میں ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا سے درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف اور چین سے درآمد پر 10 فیصد ٹیرف لگانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ان کے اس حکم کے بعد تجارتی جنگ (ٹریڈ وار) کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ یہ 2٫1 ٹریلین ڈالر کی سالانہ تجارت کو متاثر کر سکتا ہے۔ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ہی اس کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

ڈونالڈ ٹرمپ نے انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورس ایکٹ (آئی ای ای پی اے) کے تحت ایک قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا جو انہیں بحران سے نپٹنے کے لیے وسیع طاقت فراہم کرتا ہے۔ حکم کے مطابق ترمیم شدہ ٹیرف منگل سے نافذ ہوجائیں گے۔

اس حکم پر دستخط کرنے کے بعد ٹرمپ نے کہا، "یہ قدم غیر قانونی تارکین وطن اور مہلک ڈرگس خاص طور پر فینٹنل کے سبب ہمارے شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے۔ ہمیں امریکیوں کا تحفظ کرنا ہے اور یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں یہ یقینی کروں۔"


وہائٹ ہاؤس کے افسروں نے بتایا کہ کینیڈا کے توانائی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیرف لیا جائے گا جبکہ میکسیکو سے توانائی درآمد پر پورا 25 فیصد ٹیرف لگایا جائے گا۔ اس کے علاوہ کینیڈا کے لیے 800 ڈالر سے کم کے چھوٹے شپ مینٹس کے لیے 'ڈے منی مس' امریکی ٹیرف چھوٹ کو منسوخ کیا جائے گا۔ وہائٹ ہاؤس نے یہ بھی کہا کہ اس حکم میں یہ نظم ہے کہ اگر یہ ملک امریکہ کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں تو ٹیرف کی شرحوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

چین کا ذکر کرتے ہوئے وہائٹ ہاؤس نے کہا، "صدر ٹرمپ چین سے درآمد پر 10 فیصد ٹیرف نافذ کر رہے ہیں۔ یہ نظام تب تک جاری رہے گا جب تک ہم چین کی حکومت سے فینٹنل بحران کے خلاف پوری طرح سے تعاون حاصل نہیں کر لیتے۔ چین فینٹنل بحران میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے جو امریکی زندگیوں کو تباہ کر رہا ہے۔"

ٹرمپ کے فیصلے پر کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹسن ٹروڈو کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اس قدم کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔