امریکہ-چین معاہدے کے بعد ہندوستان کے ساتھ بھی جلد ’بہت بڑی‘ تجارتی ڈیل متوقع، ٹرمپ کا اعلان
ڈونالڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ تجارتی معاہدے کے بعد بھارت کے ساتھ بھی جلد بڑی ڈیل کا اشارہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ہی ممالک کے ساتھ امریکہ سمجھوتے کرے گا

ڈونلڈ ٹرمپ (فائل تصویر)
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے پر دستخط کے بعد ہندوستان کے ساتھ بھی جلد ’بہت بڑی‘ ڈیل کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔ ٹرمپ نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ملک امریکہ کے ساتھ تجارت کرنا چاہتا ہے اور کئی ممالک کے ساتھ سودے زیر غور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ بھی جلد ہی ایک اہم معاہدہ طے پا سکتا ہے۔
ٹرمپ نے ’بِگ بیوٹیفل بل‘ نامی پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے کہا، ’’ہر کوئی ہمارے ساتھ تجارت کرنا چاہتا ہے۔ کچھ مہینے پہلے میڈیا سوال اٹھا رہی تھی کہ کیا کوئی ڈیل ہو بھی سکتی ہے؟ تو میں یہ کہوں گا کہ ہم نے کل ہی چین کے ساتھ ایک ڈیل سائن کی ہے اور ہم مزید بہترین معاہدے کرنے جا رہے ہیں۔ شاید ہندوستان کے ساتھ بھی اور یہ ایک بہت بڑی ڈیل ہوگی۔‘‘
ٹرمپ نے واضح کیا، ’’امریکہ ہر ملک کے ساتھ معاہدے نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ ملکوں کو محض ایک خط بھیج کر شکریہ کہا جائے گا اور ان سے 25، 35 یا 45 فیصد ٹیرف ادا کرنے کو کہا جائے گا۔ یہی آسان طریقہ ہے۔ میرے مشیر زیادہ معاہدے کرنا چاہتے ہیں لیکن میں کہتا ہوں کچھ ہی ملکوں کے ساتھ بہتر سودے کافی ہیں۔‘‘
ذرائع کے مطابق، ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ممکنہ ڈیل کو 9 جولائی سے پہلے حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگیاں دیکھی گئی ہیں، خاص طور پر امریکہ کی جانب سے ہندوستان پر لگائے گئے 26 فیصد ٹیرف کے بعد۔ ہندوستان کی خواہش ہے کہ امریکہ اس ٹیرف کو واپس لے، جس پر بات چیت جاری ہے۔
چین کے ساتھ ہونے والی تازہ ڈیل کے حوالے سے ٹرمپ نے تفصیلات تو نہیں بتائیں، تاہم وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ معاہدہ چین سے امریکہ کو ’ریئر ارتھ مٹیریلز‘ کی فراہمی تیز کرنے پر مرکوز ہے، جس کی وجہ سے عالمی سپلائی چین میں خلل پڑ رہا تھا۔ اس سے امریکی آٹو، دفاع اور ٹیکنالوجی کے شعبے متاثر ہو رہے تھے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نے جنیوا معاہدے کے تحت ایک اضافی فریم ورک پر بھی اتفاق کیا ہے تاکہ قیمتی معدنیات پر عائد چینی پابندیوں کی وجہ سے ہونے والی تاخیر کا ازالہ کیا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔