ٹرمپ نے ’نیویارک ٹائمز‘ کے خلاف داخل کیا 15 ارب ڈالر کے ہتک عزت کا مقدمہ، جھوٹی و گمراہ کن خبریں شائع کرنے کا ہے معاملہ
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ’’اخبار نے ان کے اہل خانہ، کاروبار، امریکہ فرسٹ موومنٹ اور ’ماگا‘ (میک امریکہ گریٹ اگین) مہم کے خلاف طویل عرصے سے جھوٹ پھیلایا ہے۔‘‘

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل (16 ستمبر) کو ’نیویارک ٹائمز‘ کے خلاف 15 بلین امریکی ڈالر کے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ ٹرمپ کا الزام ہے کہ اخبار نے صدیوں سے ان کے خلاف جھوٹی اور گمراہ کن خبریں شائع کی ہیں۔ ان میں آنجہانی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق الزام بھی شامل ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ’’اخبار نے ان کے اہل خانہ، کاروبار، امریکہ فرسٹ موومنٹ اور ’ماگا‘ (میک امریکہ گریٹ اگین) مہم کے خلاف طویل عرصے سے جھوٹ پھیلایا ہے۔‘‘
امریکی صدر نے نیو یارک ٹائمز کو ’ریڈیکل لیفٹ ڈیموکریٹک پارٹی‘ کا ترجمان قرار دیا اور کہا کہ اب کبھی باوقار رہے اخبار کو ذمہ دار ٹھہرانے کا وقت آ گیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ مقدمہ فلوریڈا میں دائر کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ پہلے بھی اے بی سی/ڈزنی اور سی بی ایس/پاراماؤنٹ جیسے نیٹ ورک کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’میڈیا کو جھوٹ پھیلانے اور انہیں بدنام کرنے کی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔‘‘
ٹرمپ اس سے قبل ’وال اسٹریٹ جنرل‘ اور اس کے مالک روپرٹ مارڈوک پر بھی ایپسٹین کی فائلوں سے متعلق رپورٹنگ کو لے کر مقدمہ کر چکے ہیں۔ ایسپٹین کا اسکینڈل امریکہ سے باہر بھی گونج چکا ہے۔ اس کی وجہ سے برطانیہ نے واشنگٹن میں اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔ سال 2019 میں ایپسٹین کی موت نیویارک کی جیل میں ہوئی تھی، جبکہ ان کے ساتھی گھسلین میکسویل اس معاملہ میں اب بھی جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔