چین پہنچ کر بہت خوش نظر آئے ٹرمپ، صدر جن پنگ کو بتایا ’دوست‘، ساتھ مل کر دنیا بدلنے کا عزم

ٹرمپ نے کہا کہ شی کے ساتھ میرے تعلقات شاندار ہیں، ہم ہمیشہ اچھی طرح ساتھ رہے ہیں اور چین کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا رہا ہے۔ انہوں نے امریکہ-چین اقتصادی تعلقات کو دونوں ممالک کے لیے فائدے مند بتایا۔

<div class="paragraphs"><p>ٹرمپ-جن پنگ</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ تاریخی چوٹی کانفرنس کے لیے بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ چین کی راجدھانی بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ نے جمعرات کو امریکی صدر ٹرمپ اور ان کے وفد کا والہانہ خیر مقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ میٹنگ کے دوران جن پنگ اور ٹرمپ دونوں ہی ایک دوسرے کی تعریف کرتے نظر آئے۔ چینی صدر نے ٹرمپ سے بیجنگ میں ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ چین-امریکہ تعلقات میں استحکام نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ جن پنگ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ہم دوست ہیں، حریف نہیں ہیں، مضبوط رشتوں سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، ہم مل کر دنیا میں بدلاؤ لائیں گے۔‘‘

اس ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ چین اور امریکہ کے رشتے بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا ’’جن پنگ میرے اچھے دوست اور عظیم لیڈر ہیں۔ امریکہ اور چین کے درمیان رشتے شاندار ہیں اور مستقبل میں یہ اور بھی شاندار ہوں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے درمیان اختلاف سے زیادہ مشترک مفادات ہیں۔ ٹرمپ کا یہ دورہ انتہائی خاص مانا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کے 2017 کے سابقہ دورے کے بعد سے کسی امریکی صدر کا چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔


قابل ذکر ہے کہ جمعرات کے روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات اور سرکاری استقبالیہ تقریب میں حصہ لینے کے بعد کئی دیگر سرکاری پروگراموں میں شامل ہوں گے۔ وائٹ ہاؤس سے چین کے لیے روانہ ہونے سے پہلے صدر ٹرمپ نے اشارے دیئے تھے کہ اس چوٹی کانفرنس میں کاروبار سب سے اہم موضوع رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے چین کے ساتھ گہرے رشتے ہیں، ہم دونوں سپر پاور ہیں اور کئی اہم مسائل پر بات چیت ہونی ہے۔ اس دوران سب سے زیادہ توجہ کاروبار پر رہے گی۔

اس سے قبل 13 مئی کو بیجنگ پہنچنے پر چین کے نائب صدر ہان جھونگ نے صدر ٹرمپ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ٹرمپ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ امریکہ اور چین دنیا کی 2 بڑی طاقتیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان رشتے ’مضبوط اور مستحکم‘ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ میرے تعلقات شاندار ہیں۔ ہم ہمیشہ اچھی طرح ساتھ رہے ہیں اور چین کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا رہا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے امریکہ-چین اقتصادی تعلقات کو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند بتایا۔


صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’’ہم چین کے ساتھ بہت بڑا کاروبار کرتے ہیں، ہم بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں اور چین بھی۔ ہمارے رشتے اچھے ہیں۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ شی جن پنگ اس برس کے اختتام تک امریکہ کا دورہ کرسکتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ’’صدر شی اس سال کے آخر میں امریکہ آئیں گے، یہ بھی کافی دلچسپ ہوگا۔‘‘

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔