برازیل میں خوفناک سڑک حادثہ، بس اور ٹرک کی ٹکر میں 38 افراد کی دردناک موت

میناس گیریس میں ہوئے حادثے کے بعد کی تصویروں میں گاڑی کے ملبے دیکھے جا سکتے ہیں۔ بس میں لگی آگ کی بھی خوفناک تصویر سامنے آئی ہے، جس میں بس جلتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

برازیل میں خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک مسافر بس اور ٹرک کی ٹکر میں 38 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دردناک حادثہ برازیل کے میناس گیریس علاقے میں ہوا ہے۔ حادثے کے بعد وہاں لوگوں کی چیخ و پکار مچ گئی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم اطلاع ملتے ہی فوراً موقع پر پہنچی۔ سبھی زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بس میں 45 مسافر سوار تھے اور یہ بس ساؤ پاؤلو سے روانہ ہوئی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ صبح 4 بجے ہوا۔

اتھاریٹیز نے بتایا ہے کہ سبھی متاثرین کو جائے وقوع سے ہٹا لیا گیا ہے۔ حادثہ کیوں اور کیسے ہوا، اس کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ عینی شاہدین نے ریسکیو ٹیم کو بتایا کہ بس کا ٹائر پھٹ گیا، جس سے ڈرائیور نے اپنا قابو کھو دیا اور بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ایک کار بھی اس بس سے ٹکرائی، اس میں تین لوگ سوار تھے، حالانکہ خوش قسمتی رہی کہ یہ تینوں بچ گئے۔

جائے حادثہ سے آئی تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچلی ہوئی کار کے اوپر ٹرک چڑھا ہوا ہے۔ اس کا پہیہ کار کی چھت پر ہے۔ میناس گیریس فائر ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ حادثہ قومی شاہراہ بی آر-116 پر ہوا۔ حادثے کے بعد کی تصویروں میں گاڑی کے ملبے دیکھے جا سکتے ہیں۔ بس میں لگی آگ کی بھی خوفناک تصویر سامنے آئی ہے، جس میں بس جلتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔


میناس گیریس حادثے پر وہاں کے گورنر رومیو جیما نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پوسٹ میں کہا ہے کہ حکومت متاثرین کی مدد کے لیے پوری طرح پابند عہد ہے۔ میناس گیریس حکومت کو پوری طرح سے فعال ہونے کی ہدایت دی گئی ہے، کرسمس سے ٹھیک پہلے ہوئے اس حادثے نے سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ برازیل کے صدر لوئز اناسیو لولا ڈی سلوا نے بھی اس حادثہ پر اپنے شدید غم کا اظہار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔