فلوریڈا میں چھوٹا طیارہ ہائی وے کے قریب گر کر تباہ، تین ہلاک، ایک شخص زخمی

جنوبی فلوریڈا کے بوکا ریٹن میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ حادثہ ایک مصروف ہائی وے کے قریب پیش آیا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر بوکا ریٹن میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک کار سوار شخص زخمی ہو گیا۔ طیارہ حادثہ ایک مصروف بین الریاستی ہائی وے کے قریب پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔

یہ حادثہ جمعہ کی صبح تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جب ’سسنا 310‘ ماڈل کا چھوٹا طیارہ بوکا ریٹن ایئرپورٹ سے فلوریڈا کے شہر تالاہاسی کے لیے روانہ ہوا تھا۔ طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد اچانک ایک ہائی وے کے قریب زمین پر گر پڑا۔ حادثے کے بعد طیارے میں زور دار دھماکہ ہوا اور شعلے بلند ہونے لگے۔ اس وقت وہاں سے ایک کار گزر رہی تھی، جو شعلوں کی زد میں آ گئی۔ کار میں سوار شخص جھلس کر زخمی ہو گیا اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔

بوکا ریٹن فائر ریسکیو کے اسسٹنٹ چیف مائیکل لاسیل کے مطابق، طیارے میں سوار تینوں افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، تاہم طیارے میں لگنے والی آگ نے کسی کو نکلنے کا موقع نہ دیا۔ حکام نے فوری طور پر علاقے کو سیل کر دیا اور قریبی سڑکوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔


حادثے کی عینی شاہد 31 سالہ جوش اورسینو نے بتایا کہ وہ قریبی اوور پاس پر ٹریفک سگنل پر رکے ہوئے تھے، جب انہوں نے زور دار دھماکہ سنا۔ ان کے مطابق آگ کا ایک بڑا گولہ آسمان سے زمین کی طرف آتا دکھائی دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے قریبی تیل کے درختوں میں آگ لگ گئی۔ وہ سمجھ نہیں پائے کہ یہ کوئی فضائی حادثہ ہے یا صنعتی دھماکہ۔

بوکا ریٹن ایئرپورٹ کے قریب کام کرنے والے 51 سالہ میگوئل کوکا نے بتایا کہ یہاں اکثر طیارے اترتے اور اڑتے نظر آتے ہیں، لیکن اس بار جیسے ہی طیارہ نیچے آیا، تو محسوس ہوا کہ لینڈنگ میں کچھ گڑبڑ ہے۔ طیارے کے گرنے سے زور دار آواز آئی جسے قریبی عمارت میں سب نے محسوس کیا۔

بوکا ریٹن کے میئر اسکاٹ سنگر نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ تحقیقات مکمل ہونے تک صبر و تحمل سے کام لیں۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) مشترکہ طور پر حادثے کی تفتیش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل نیویارک میں بھی ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکہ میں رواں سال کے دوران اب تک کئی فضائی حادثے رونما ہو چکے ہیں، جن کے پیچھے ایوی ایشن سیکٹر میں وفاقی سطح پر عملے میں کمی اور حفاظتی اقدامات کی ممکنہ کوتاہیاں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔