امریکہ نے غیر ملکی امداد پروگرام کے تحت دی جانے والی اقتصادی مدد پر لگائی روک، ٹرمپ کے ایک اور فیصلہ پر لگی مہر

دنیا بھر میں امریکی سفارت خانوں کو بھیجے گئے حکم میں نئے سرکاری خرچ پر روک لگا دی گئی ہے۔ انسانی خوراک پروگرام اور اسرائیل و مصر کو ملنے والی فوجی امداد جاری رہے گی۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ
user

قومی آواز بیورو

امریکی صدر کے طور پر حلف برداری کے بعد سے ہی ٹرمپ لگاتار بڑے بڑے فیصلے کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں اب امریکہ نے دنیا بھر میں تقریباً سبھی غیر ملکی امدادی پروگرام کو دی جانے والی اقتصادی مدد پر روک لگا دی ہے۔ حالانکہ امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ انسانی خوراک پروگرام اور اسرائیل و مصر کو ملنے والی فوجی امداد جاری رہے گی۔

وزارت کے اس حکم کے بعد دنیا بھر میں صحت، تعلیم، ترقی، روزگار، تربیت اور دیگر کاموں سے جڑے بے شمار منصوبوں کے رک جانے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ امریکہ ان غیر ملکی منصوبوں کے لیے سب سے زیادہ مدد مہیا کراتا ہے۔ اس صورتحال سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ ان امدادی پروگرام کو ختم کرنے کی شروعات ہے جنہیں صدر ڈونالڈ ٹرمپ امریکی مفاد میں نہیں مانتے۔

دنیا بھر میں امریکی سفارت خانوں کو بھیجے گئے اس حکم میں نئے سرکاری خرچ پر روک لگا دی گئی ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ پروگرام تبھی تک جاری رہیں گے جب تک ان کے پاس پہلے سے جاری رقم دستیاب ہوں گی۔ اس روک کے دوران وزارت خارجہ اس بات کا جائزہ لے گی کہ امریکی امداد سے چلنے والے ہزاروں پروگرام میں سے کون سے پروگرام جاری رکھے جا سکتے ہیں۔ وزارت کے حکم میں اس ایگزیکٹیو آرڈر پر عمل درآمد کا ذکر ہے جس پر صدر ٹرمپ نے پیر کو دستخط کیے تھے۔

جمعہ کو صادر کیے گئے حکم سے انسانی امداد کے کام میں لگے لوگوں کو کافی مایوسی ہوئی کیونکہ اس میں صحت اداروں اور دیگر صحت پروگرام میں نئی مالی اعانت روک سے بچانے کے لیے کوئی چھوٹ نہیں دی گئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ کے 47ویں صدر کا عہدہ سنبھالنے کے صرف 4 دن کے اندر ہی ملک میں فوجی طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کے لیے پرواز شروع کر دی ہے۔ غیر قانونی تارکین وطن کی اجتماعی ملک بدری ٹرمپ کی تشہیری مہم کے اہم وعدوں میں سے ایک ہے۔ اس کے تحت ٹرمپ نے انتظامی حکم پر دستخط کیے ہیں جس میں اطلاع جاری کی گئی ہے کہ مستقبل میں بغیر دستاویز والے تارکین وطن سے پیدا ہونے والے بچوں کو امریکہ کا شہری نہیں مانا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔