امتحانی بدانتظامی پر بڑھتے دباؤ کے بعد جنوبی کوریا کے وزیر تعلیم کا استعفیٰ، صدر نے کیا منظور

استعفیٰ پیش کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ ’’متعلقہ وزارت کے وزیر کی حیثیت سے، مجھے نہیں لگتا کہ میں اس تنقید سے بچ سکتا ہوں کہ عوام کی نظر میں ہم امتحان کی پیشگی تیاری کرنے میں ناکام رہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>جنوبی کوریا کے وزیر تعلیم نے دیا استعفیٰ، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

جنوبی کوریا کے وزیر تعلیم چوئی کیو جن کا استعفیٰ صدر لی جے میونگ نے قبول کر لیا ہے۔ اتوار (22 نومبر) کی صبح ہی چوئی نے عہدہ چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ 19 نومبر کو منعقدہ قومی کالج داخلہ امتحان ’کالج اسکالسٹک ایبیلٹی ٹیسٹ‘ (سی ایس اے ٹی) 2027 سے عین قبل مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے نقل روکنے کے لیے امتحانی قواعد میں اچانک تبدیلیاں کی گئی تھیں، جس سے امتحان دینے والے طلبہ کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ طلبہ کا ایک گروپ وزیر تعلیم کے خلاف آواز بلند کر رہا تھا۔ مسلسل بڑھتے ہوئے دباؤ کے درمیان استعفیٰ پیش کرتے ہوئے انہوں نے بدانتظامی کے لیے خود کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔

استعفیٰ پیش کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ ’’متعلقہ وزارت کے وزیر کی حیثیت سے، مجھے نہیں لگتا کہ میں اس تنقید سے بچ سکتا ہوں کہ عوام کی نظر میں ہم امتحان کی پیشگی تیاری کرنے میں ناکام رہے۔ اب جبکہ سی ایس اے ٹی امتحان مکمل ہو چکا ہے، اس دوران جو بھی بدانتظامی ہوئی، اس کی پوری ذمہ داری لیتے ہوئے میں اپنا استعفیٰ پیش کر رہا ہوں۔‘‘ خبر رساں ایجنسی ’یونہاپ‘ کے مطابق چیونگ وا ڈے (جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر) کی ترجمان کانگ یو جونگ نے پریس کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ وزیر چوئی کے استعفیٰ دینے کے اعلان کے تقریباً ایک گھنٹے بعد ہی صدر لی نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ کانگ نے کہا کہ چوئی کی جگہ لینے والے شخص کے انتخاب کا عمل مقررہ ضابطوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ وزارت تعلیم کو امتحان سے محض ایک روز قبل اے آئی کی مدد سے ہونے والی نقل کو روکنے کے نئے قواعد جلدبازی میں نافذ کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان قواعد کی وجہ سے امتحان دینے والے طلبہ اور اساتذہ کے درمیان کافی الجھن پیدا ہو گئی۔ آخری وقت میں کی گئی ان تبدیلیوں میں یہ ضابطہ بھی شامل تھا کہ طلبہ امتحان گاہ میں صرف پنسل لے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کپڑوں پر لگے بٹنوں کو اسٹیکر سے ڈھانپنے کی ہدایت دی گئی، تاکہ ان میں چھپے چھوٹے کیمروں کا استعمال نہ ہو سکے۔ امتحان کے دوران افسران نے ملک بھر میں موبائل فون پر 3 ہنگامی الرٹ بھیجے، تاکہ ان طلبہ کا پتا لگایا جا سکے جنہوں نے اپنے فون جمع نہیں کرائے تھے۔

وزارت تعلیم نے جمعہ کو بتایا کہ امتحان کے دوران الیکٹرانک آلات کے ذریعے نقل کے کل 111 مشتبہ معاملات سامنے آئے۔ امتحان دینے والے طلبہ اور اساتذہ نے ان اقدامات پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری وقت میں کی گئی ان تبدیلیوں نے اس اہم امتحان کے حوالے سے طلبہ کی گھبراہٹ مزید بڑھا دی۔ جنوبی کوریا میں سی ایس اے ٹی (کالج داخلہ امتحان) کو زندگی کا ایک انتہائی اہم مرحلہ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یونیورسٹی میں داخلہ ملنے یا نہ ملنے کا کسی شخص کے مستقبل کے کیریئر کے امکانات پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔


سی ایس اے ٹی سے قبل پارلیمنٹ میں دیے گئے اپنے بیانات کے باعث بھی چوئی تنقید کی زد میں آ گئے تھے۔ ایک رکن پارلیمنٹ نے ان سے پوچھا کہ کیا انہیں پورا یقین ہے کہ اے آئی کی مدد سے کی جانے والی نقل پکڑی جا سکتی ہے، تو 72 سالہ چوئی نے جواب دیا کہ ’’مجھے نہیں لگتا کہ میں ایسا کر پاؤں گا، کیونکہ میری عمر کافی ہو چکی ہے۔‘‘ سی ایس اے ٹی کے قواعد میں یہ اچانک تبدیلیاں اے آئی کی مدد سے نقل کے بڑھتے خدشات کے درمیان کی گئیں۔ حال ہی میں رواں سال کے ’سرٹیفائیڈ ٹیکس اکاؤنٹنٹ‘ امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ایک شخص نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے ایک چھوٹے کیمرے، اسمارٹ فون اور جنریٹو اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے نقل کی تھی۔

رواں سال کے ’لیگل ایجوکیشن ایلیجیبلٹی ٹیسٹ‘ (ایل ای ای ٹی) میں پورے نمبر حاصل کرنے والا ایک شخص جمعرات کو مردہ پایا گیا۔ یہ قومی سطح کا امتحان نیشنل لا اسکول میں داخلے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ اس شخص پر نقل کرنے کے الزامات عائد ہوئے تھے۔ پولیس نے کہا ہے کہ وہ ان الزامات کی تحقیقات جاری رکھے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔