اوڈیشہ میں نیپالی طالبہ کی موت پر تنازع، نیپال ہندوستان میں طلبا کی تعلیم پر لگا سکتا ہے پابندی
کے آئی آئی ٹی میں بی ٹیک کی طالبہ پرکرتی لمسل کی ہاسٹل میں لاش برآمد ہوئی تھی۔ نیپال حکومت نے اس پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ حکومت ہند نے نیپالی طلبا کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بات کہی ہے۔

نیپالی وزیر اعظم کے پی شرما اولی / سوشل میڈیا
اوڈیشہ کے ایک پرائیویٹ کالج میں نیپال کی طالبہ کی مشتبہ حالت میں موت کے معاملے پر نیپال حکومت نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ نیپال کی وزارت تعلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ مستقبل میں ہندوستان کی کسی بھی یونیورسٹی یا تعلیمی ادارے میں پڑھنے کے خواہش مند اپنے طلبا کو این او سی جاری کرنا معطل کر سکتی ہے۔
دراصل کلنگا انسٹی چیوٹ آف انڈسٹریل ٹیکنالوجی (کے آئی آئی ٹی) میں بی ٹیک (کمپیوٹر سائنس) تیسرے سال کی طالبہ پرکرتی لمسل (20) کی لاش 16 فروری کی دوپہر اس کے ہاسٹل کے کمرے سے برآمد ہوئی تھی۔ مبینہ طور پر اس نے خودکشی کر لی تھی، جس سے کے آئی آئی ٹی کیمپس میں بدامنی پھیل گئی۔
نیپال حکومت نے کے آئی آئی ٹی میں پڑھنے والے نیپالی طلبا و طالبات کے سرپرستوں سے صبر و تحمل برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ نیپال کے وزیر تعلیم نے کہا کہ اس واقعہ سے پیدا مسائل کے موثر حل کی سہولت کے لیے ایک 'ہیلپ ڈیسک' کی تشکیل کی گئی ہے۔ کے آئی آئی ٹی میں نیپالی طلبا کی پڑھائی پھر سے شروع ہو اور موافق ماحول یقینی کیا جائے، اس کے لیے ہمارا ملک وزارت خارجہ، حکومت ہند کے ساتھ مسلسل سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ نیپال کی رہنے والی پرکرتی لمسل اوڈیشہ کے بھونیشور واقع کے آئی آئی ٹی میں بی ٹیک کمپیوٹر سائنس کی طالبہ تھی۔ دعویٰ ہے کہ اس نے مبینہ طور پر اپنے بیچ میٹ اور سابق بوائے فرینڈ آدوک شریواستو کے ذریعہ پریشان کیے جانے کے بعد خودکشی کر لی۔ اس کے بعد ادارے میں پڑھنے والے دیگر نیپالی طلبا کے ایک گروپ نے پرکرتی کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران یونیورسٹی احاطہ میں کافی تناؤ کا ماحول پیدا ہو گیا۔
اوڈیشہ پولیس نے منگل کو ایمس بھوشنیور میں پوسٹ مارٹم کے بعد نیپالی طالبہ کی لاش اس کے والد کو سونپ دی۔ اوڈیشہ قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن نے اس معاملے کو اٹھایا۔ نیپال کے وزیر خارجہ آرجو رانا دیوبا نے کہا کہ نئی دہلی میں ہمارا سفارت خانہ اس سلسلے میں کالج انتظامیہ اور ہندوستانی سیکوریٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ضروری کارروائی کر رہا ہے۔
وہیں حکومت ہند نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نیپالی طلبا و طالبات کے تحفظ اور بھلائی کو یقینی کرنے کے لیے سبھی ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ہندوستانی افسر اس معاملے میں انصاف کو یقینی بنانے کے لیے اپنے ہم منصب کے ساتھ رابطہ میں ہے اور اس واقعہ میں قصورواروں کو جلد سزا دلانے اور غیر جانبدار کارروائی کرتے ہوئے انصاف دلانے کے لیے پابند ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔