نہیں رک رہا کورونا کا قہر، متاثرین کی تعداد ساڑھے 65 لاکھ سے تجاوز

سعودی عرب میں بھی کورونا متاثرین کی تعداد میں بہت تیزی سےاضافہ ہورہا ہے اور وہاں متاثرین کی تعداد 91 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 579 ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا کا قہر رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور روزانہ متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے 65 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ اس وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد 3 لاکھ 87 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا قہر بڑھتا جارہا ہے اور اب یہاں متاثرین کی تعداد دو لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔


امریکہ میں جہاں نسل پرستانہ مظاہرہ اور تشدد کے واقعات بڑھ رہے ہیں وہیں کورونا کے معاملات میں بھی کوئی کمی نظر نہیں آ رہی ہے۔ امریکہ میں تازہ اعداد و شمار ملنے تک کورونا کی وبا سے اب تک 19 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 9 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ برازیل میں متاثرین کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور یہاں 32 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔

روس میں بھی کورونا کا قہر بڑھتا جارہا ہے اور یہاں اس وائرس سے ا ب تک 4لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 5215لوگوں نے جان گنوائی ہے۔ چین میں متاثرین کی تعداد 83 ہزار سے زیادہ ہے اور ترکی میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔


سعودی عرب میں بھی کورونا متاثرین کی تعداد میں بہت تیزی سےاضافہ ہورہا ہے اور وہاں متاثرین کی تعداد 91 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 579 ہے۔ پڑوسی ملک پاکستان میں متاثرین کی تعداد 80 ہزار سے زیادہ ہے اور وہاں ہونے والی اموات کی تعداد 1688 ہے۔

برطانیہ میں بھی اس وائرس کی وجہ سے حالات مسلسل خراب ہوتے جارہے ہیں۔ وہاں اب تک اس بیماری سے پونے تین لاکھ لوگوں سے زیادہ متاثر ہو چکے ہیں اور اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔اٹلی میں اب تک اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 33ہزار لوگوں سے زیادہ ہو چکی ہے۔اسپین میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 27ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jun 2020, 9:00 AM