گیند چین کے پالے میں، ضرورت انہیں ہے معاہدے کی ہمیں نہیں: ڈونالڈ ٹرمپ
وہائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کیرولن لیوٹ نے چین سے جڑے سوالوں کا جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کے لیے چین کو دو مہینے کا وقت کافی ہے، اس سے آگے بڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ/امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ
ٹیرف معاملے پر چین اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا ماحول ہے۔ ٹرمپ کے ٹیرف کے جواب میں چین نے بھی 125 فیصدی ٹیرف امریکی اشیاء پر لگا دی ہے۔ اس درمیان منگل کو وہائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کیرولن لیوٹ نے چین سے جڑے سوالوں کا جواب دیا۔ اب ٹیرف تنازعہ کے بعد ٹک ٹاک سودے پر بھی خطرے کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
حالانکہ ٹرمپ انتظامیہ نے 19 جون تک ٹک ٹاک کو امریکہ میں کام کاج کی منظوری دی ہے۔ جب وہائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری سے پوچھا گیا کہ اگر چین بات چیت کے لیے تیار نہیں ہوتا ہے تو اس پر لیوٹ نے کہا کہ دو مہینے کا وقت کافی ہے۔ میں آگے بڑھنا نہیں چاہتی۔ نائب صدر ان مذاکرات اور بات چیت کی قیادت کر رہے ہیں، صدر بھی اس میں شامل ہیں۔
جب لیوٹ سے سوال کیا گیا کہ کیا ٹرمپ ٹک ٹاک معاہدہ کرنے کے لیے چین پر ٹیرف کم کریں گے تو انہوں نے کہا کہ چین پر صدر کا موقف بالکل واضح ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کے ایک بیان کو ساجھا کیا اور کہا کہ اوول دفتر میں ٹرمپ نے یہ بات مجھ سے کہی تھی کہ گیند چین کے خیمے میں ہے۔ چین کو ہمارے ساتھ معاہدہ کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں ان کے ساتھ معاہدہ کرنے کی ضرورت نہیں۔
لیوٹ نے آگے کہا کہ صرف بڑے ہونے کے علاوہ چین اور کسی بھی دیگر ملک کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ چین وہی چاہتا ہے جو ہمارے پاس ہے۔ ہر ملک بھی یہی چاہتا ہے۔ یہ امریکی صارفین ہیں۔ اگر دوسرے الفاظ میں کہیں تو انہیں ہمارا پیسہ چاہیے۔ لیوٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ چین کے ساتھ معاہدہ کرنے کو تیار ہیں مگر چین کو بھی امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنا ہوگا۔
جب کاروباری معاہدے کے بارے میں لیوٹ سے سوال کیا گیا کہ کون کون سے سمجھوتے پر بات چیت جاری ہے تو انہوں نے کہا کہ امریکی تجارتی سفیر، کامرس سکریٹری اور ٹریزری سکریٹری نے قابل تعریف کام کیا ہے۔ یہ سبھی اچھے تجارتی سمجھوتے کو پورا کرنے میں سخت محنت کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ بھی ان تجارتی معاہدوں پر بے حد دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی تجارتی ٹیم کو یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ ان سبھی معاہدوں پر دستخط کرنا چاہتے ہیں۔
لیوٹ نے کہا کہ ہم نے 15 سے زیادہ تجارتی سودے کیے ہیں۔ قرار داد پر فعال طور پر غور کیا جا رہا ہے۔ 75 سے زیادہ ملکوں نے تجارتی معاہدے پر ہم سے رابطہ کیا ہے۔ ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد ہی کچھ معاہدے کا اعلان کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔