دھرم سنسد میں مسلم مخالف بیانات پر ٹینس اسٹار مارٹینا نوراتلووا نے بھی اٹھائے سوال

مارٹینا نوراتلووا سیاسی امور پر لگاتار ٹوئٹ کر رہی ہیں، وہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی تنقید بھی کر چکی ہیں اور امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بھی ناقد رہی ہیں۔

مارٹینا نوراتلووا، تصویر آئی اے این ایس
مارٹینا نوراتلووا، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

اتراکھنڈ کے ہریدوار میں منعقد سہ روزہ دھرم سنسد میں مسلمانوں کے خلاف ہوئی زہر افشانی کی ہندوستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی تنقید ہو رہی ہے۔ ساتھ ہی دھرم سنسد منعقد کرنے والوں اور اشتعال انگیز تقریر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔ اس درمیان ٹینس کی عظیم خاتون کھلاڑی اور عالمی شہرت یافتہ مارٹنا نوراتلووا نے دھرم سنسد کی ایک ویڈیو پر اپنی حیرانی ظاہر کی ہے۔

دراصل سی جے ورلیمن نے دھرم سنسد کی اس ویڈیو کو ٹوئٹ کیا تھا جس میں مسلمانوں کی نسل کشی کی اپیل کی جا رہی تھی۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا تھا ’’ہم عہد کرتے ہیں (مسلمانوں کے خلاف) جنگ کرنے اور انھیں مارنے کا تاکہ ہندوستان صرف ہندوؤں کا ملک بنے۔‘‘ اسی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے مارٹینا نوراتلووا نے سوال اٹھایا ہے کہ ’’آخر یہ چل کیا رہا ہے؟‘‘


واضح رہے کہ مارٹینا نورتلووا سیاسی امور پر لگاتار ٹوئٹ کر رہی ہیں۔ ہندوستانی سیاست پر بھی وہ کئی ٹوئٹ کر چکی ہیں۔ گزشتہ اکتوبر کی ہی بات ہے جب انھوں نے ایک اخبار کی رپورٹ کا اسکرین شاٹ پوسٹ کیا تھا جس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی تعریف کی گئی تھی۔ اس اسکرین شاٹ کے ساتھ مارٹینا نوروتلووا نے پی ایم مودی اور امت شاہ کے خلاف تنقیدی تبصرہ کیا تھا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ مارٹینا صرف پی ایم مودی کی ہی نہیں، بلکہ امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بھی ناقد رہی ہیں۔ ٹرمپ کے خلاف بھی انھوں نے کئی ٹوئٹس کیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔