شام: نئی حکومت کا اعلان، صدر الشرع کا بدعنوانی کے خلاف عزم
شام کے صدر احمد الشرع نے 23 وزراء پر مشتمل نئی حکومت کا اعلان کیا ہے۔ حکومت میں وزیر خارجہ اسعد الشیبانی اور وزیر دفاع مرہف ابو قصرہ نے اپنے قلم دان برقرار رکھے ہیں

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
دمشق: شام کے صدر احمد الشرع نے ہفتے کی شام 23 وزراء پر مشتمل نئی حکومت کے قیام کا اعلان کیا۔ صدر الشرع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ حکومت ملک میں تبدیلی اور تعمیر کی بنیاد بنے گی۔ نئی کابینہ میں وزیر خارجہ اسعد الشیبانی اور وزیر دفاع مرہف ابو قصرہ نے اپنے قلم دان برقرار رکھے ہیں۔ جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ انس خطاب کو وزیر داخلہ مقرر کیا گیا ہے۔
دیگر وزراء میں عبدالرحمن الویس وزیر انصاف، محمد ابو الخیر شکری وزیر اوقاف، محمد عبدالرحمن وزیر تعلیم، محمد البشیر وزیر توانائی، ہند قبوات وزیر سماجی امور، محمد یشر برنیہ وزیر خزانہ، محمد نضال الشعار وزیر معیشت، مصعب العلی وزیر صحت اور مروان الحلبی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم شامل ہیں۔
صدر الشرع نے کابینہ کے اعلان کے موقع پر کہا، ’’ہم اپنی تاریخ میں ایک نئے مرحلے کا آغاز دیکھ رہے ہیں۔ یہ حکومت تبدیلی اور تعمیر کا مظہر ثابت ہو گی۔‘‘ انہوں نے بدعنوانی کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اپنے اداروں میں کرپشن کو داخل ہونے نہیں دیں گے۔‘‘
صدر الشرع نے ملک کی سلامتی کے لیے ایک قومی فوج کے قیام کا عندیہ دیا اور کہا کہ ’’ہم ایسی فوج بنائیں گے جو شام کی حفاظت کرے گی۔‘‘ حکومت میں بجلی، تیل اور گیس کی وزارتوں کو وزارت توانائی میں ضم کر دیا گیا ہے تاکہ توانائی کے شعبے کو مربوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ آٹھ دسمبر 2024 کو بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد مسلح اپوزیشن گروپوں نے اقتدار سنبھالا تھا۔ جنوری 2025 میں احمد الشرع کو عبوری صدر منتخب کیا گیا۔ ان کے تحت پانچ سالہ عبوری مرحلے کے دوران نئے آئین کی بنیاد پر انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔
سعودی عرب نے شام میں نئی حکومت کی تشکیل کا خیرمقدم کیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی حکومت شامی عوام کی امنگوں کو پورا کرے گی۔ وزارت نے نئی شامی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا اور شامی عوام کے لیے امن و استحکام کی دعا کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔