شام: امریکی اتحاد کے فضائی حملوں میں داعش کے 35 جنگجو ہلاک

ایوان صدر کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اردگان نے ٹرمپ کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور شام میں تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دمشق / انقرہ: شام کے مشرقی علاقے میں امریکی قیادت میں اتحادی فوج کے فضائی حملوں میں داعش کے 35 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے اطلاع دی ہے کہ شام کے مشرقی شہر حاجن اور اس کے نواحی علاقوں میں فضائی حملوں میں داعش کے 28 جنگجو مارے گئے۔ انھوں نے مزید بتایا ہے کہ اسی علاقے میں داعش کے 7 مزید جنگجو شامی جمہوری فورسز (ایس ڈی ایف) کے ساتھ جھڑپوں میں مارے گئے۔

واضح رہے کہ ایس ڈی ایف نے گذشتہ ماہ اس علاقے میں امریکی اتحاد کی مدد سے داعش کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو اور ان کے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے۔ بات چیت میں دو طرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی اور شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹیلیفونک بات چیت ترک صدر رجب طیب اردگان اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفون کال پر رابطے کے بعد ہوئی۔

ترکی ایوان صدر کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ اردگان نے ٹرمپ کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور شام میں تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا۔

بیان کے مطابق دونوں سربراہان کی گفتگو کے دوران امریکی پادری اینڈریو برنسن کے معاملہ کے حوالہ سے قانونی پہلو بھی زیر بحث آئے۔ ترکی اور امریکہ کے صدور نے ادلب معاہدے اور شام کے علاقے منبج میں روڈ میپ پر جلد از جلد عمل درآمد کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔