سوڈان میں ہیضے کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے: ڈبلیو ایچ او

عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ سوڈان میں ہیضے کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ادارہ نے متاثرہ علاقوں میں ریپڈ ریسپانس ٹیمیں تعینات کر دی ہیں

ڈبلیو ایچ او، تصویر آئی اے این ایس
ڈبلیو ایچ او، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

خرطوم: عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ سوڈان میں ہیضے کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ادارہ نے متاثرہ علاقوں میں ریپڈ ریسپانس ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔ ادارہ سوڈانی وزارت صحت کی مدد کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ مشتبہ کیسز کے نمونے صحت عامہ کی لیبارٹری میں منتقل کیے جا سکیں۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ سوڈانی وزارت صحت، عالمی ادارہ صحت اور صحت کے شراکت داروں کے تعاون سے صاف پانی اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی کو بڑھانے اور متاثرہ اور خطرے سے دوچار کمیونٹیز کو خطرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی کوششوں کو مربوط کیا جا رہا ہے۔


بیان میں کہا گیا کہ سوڈان شدید بارشوں اور سیلاب کے علاوہ بڑے پیمانے پر نقل مکانی، بیماریوں کے پھیلاؤ اور غذائی قلت کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے ۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق سوڈان میں 70 فیصد ہسپتال ریپڈ سپورٹ فورسز اور سوڈانیوں کے درمیان لڑائی کی وجہ سے معطل ہو چکے ہیں۔ جو ہسپتال اب بھی چل رہے ہیں وہ بھی بڑی تعداد میں بے گھر افراد کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے منگل کے روز اطلاع دی تھی کہ مشرقی سوڈان میں ہیضے اور ڈینگی بخار کے پھیلنے کی اطلاع ملی ہے جہاں ملکی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان خونریز لڑائی کے باعث ہزاروں افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔ تنظیم کے مطابق ہیضے کے 162 مشتبہ کیسز کو ریاست قصارف اور ایتھوپیا کے ساتھ سرحد کے ساتھ دوسرے علاقوں کے ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔