ارجنٹائنا کے اسٹار فٹبالر نے کورونا پر حاصل کی فتح، بیان کی درد و مشقت کی داستان

فٹبالر پاؤلو دیبالا گزشتہ کچھ دنوں کو اپنی زندگی کے لیے ایک برا خواب بتاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ “کچھ دن پہلے میں بہت مشکل میں تھا۔ ہر 5 منٹ میں سانس پھولنے لگتی تھی اور پٹھوں میں سختی آ جاتی تھی۔”

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پوری دنیا میں کورونا وائرس کے قہر کے درمیان کئی ایسے لوگ بھی ہیں جنھوں نے اس وائرس کو شکست دے کر ایک نئی زندگی حاصل کی ہے۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو پوری دنیا میں اب تک 6 لاکھ سے زائد افراد اس وائرس کی زد میں ہیں اور 1 لاکھ 33 ہزار سے زائد افراد کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔ ان افراد میں سے ہی ایک ہیں ارجنٹائنا کے اسٹار فٹبالر پاؤلو دیبالا۔ انھوں نے کورونا پر فتح حاصل کرنے کے بعد لوگوں کے سامنے اپنے تکلیف دہ اور مشکل وقت کی داستان بیان کی ہے۔

پاؤلو دیبالا گزشتہ کچھ دنوں کو اپنی زندگی کے لیے ایک برا خواب بتاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ "کچھ دن پہلے میں بہت مشکل میں تھا۔ ہر 5 منٹ میں سانس پھولنے لگتی تھی اور پٹھوں میں سختی آ جاتی تھی۔ ہم بالکل بے بس ہو گئے تھے۔" دیبالا نے مزید کہا کہ "خطرناک انفیکشن کے بعد اب میں بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ کچھ دن جو گزرے، وہ میرے لیے برے خواب کی طرح تھے۔ میں بہت بھاری محسوس کر رہا تھا۔ ہر 5 منٹ میں کچھ چلنے کے بعد رک جاتا تھا کیونکہ میری سانس پھولنے لگتی تھی۔ میں سانس لینے کے لیے مشقت کرتا تھا اور ہانپتا رہتا تھا۔"


اسٹار فٹبالر دیبالا اپنی داستان سناتے ہوئے آگے کہتے ہیں کہ "میں کچھ نہیں کر سکتا تھا۔ بہت تھکن ہو جایا کرتی تھی۔ جسم بھی بھاری محسوس ہونے لگتا تھا اور پٹھوں میں سختی کی وجہ سے بہت پریشانی ہوتی تھی۔" قابل ذکر ہے کہ دیبالا کے ساتھ ساتھ ان کی منگیتر اور ارجنٹائنا کی گلوکارہ اوریانا سباتینی بھی کورونا کی زد میں آ گئی تھیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ وہ بھی اب ٹھیک ہیں۔

واضح رہے کہ دیبالا اٹلی کے کلب یووینٹس کی جانب سے کھیلتے ہیں اور یہ ملک اس وقت سب سے زیادہ کورونا کے قہر کا شکار ہے۔ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار کی طرف گامزن ہے۔ بہر حال، دیبالا یووینٹس کے مقبول کھلاڑی ہیں اور انھوں نے اس سیزن کے سبھی ٹورنامنٹس میں 13 گول داغے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اٹلی کی فٹبال لیگ سیری-اے سمیت دنیا بھر کے سبھی ٹورنامنٹ کو یا تو رد کر دیا گیا ہے یا ملتوی کیا گیا ہے۔ دیبالہ نے پچھلا میچ انٹر میلان کے خلاف کھیلا تھا۔ اس میں یووینٹس 0-2 سے فتحیاب ہوا تھا۔ میچ میں آرون رامسے نے 54ویں اور دیبالہ نے 67ویں منٹ میں ایک ایک گول کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */