فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی میں فائرنگ، 2 ہلاک، 5 زخمی، 20 سالہ حملہ آور گرفتار

فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔ 20 سالہ حملہ آور فینکس اکینر کو گرفتار کر لیا گیا۔ یونیورسٹی کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا

<div class="paragraphs"><p>Getty Images</p></div>

Getty Images

user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی میں جمعرات کے روز پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کم از کم پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد یونیورسٹی کیمپس میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی اور طلبہ و اساتذہ کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی۔

یونیورسٹی نے جمعرات دوپہر کو اپنے کیمپس میں ایک ’ایکٹو شوٹر‘ کی موجودگی کی اطلاع دیتے ہوئے ایمرجنسی الرٹ جاری کیا۔ الرٹ ملتے ہی پولیس، ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر سکیورٹی ایجنسیاں فوری طور پر یونیورسٹی پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

فائرنگ کرنے والے نوجوان کی شناخت فینکس اکینر کے طور پر کی گئی ہے، جو کہ لیون کاؤنٹی پولیس کے ایک افسر کا بیٹا ہے اور لیون کاؤنٹی شیرف کے یوتھ ایڈوائزری کونسل کا رکن بھی ہے۔ پولیس کے مطابق اس نے فائرنگ کے لیے اپنی والدہ کی ذاتی بندوق کا استعمال کیا۔ آلۂ قتل یونیورسٹی کیمپس میں جرم کے مقام سے برآمد کر لیا گیا ہے۔

واقعے کے وقت یونیورسٹی کی لائبریری میں موجود 20 سالہ طالبعلم جوشوا سرمنز نے بتایا کہ جیسے ہی الرٹ بجا، پولیس اہلکاروں نے انہیں اور دیگر طلبہ کو ہاتھ سر پر رکھ کر باہر نکالا۔ 21 سالہ رائن سیڈرگرین، جو 30 دیگر طلبہ کے ساتھ اسٹوڈنٹ یونین آفس کے نیچے موجود بولنگ ایریا میں چھپ گئے تھے، نے کہا کہ وہ لمحہ ’محض زندہ بچنے‘ کی جدوجہد تھا۔


واقعے کے بعد فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ طلبہ، اساتذہ اور عملے کو ہدایت دی گئی کہ وہ محفوظ جگہوں پر رہیں، تمام دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں اور ان سے دور رہیں۔ کیمپس میں جمعرات کو ہونے والی تمام کلاسیں اور پروگرام منسوخ کر دیے گئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ان افراد سے اپیل کی جو کیمپس میں موجود نہیں تھے کہ وہ اس علاقے میں نہ آئیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک خوفناک سانحہ قرار دیا اور کہا کہ انہیں مکمل بریفنگ دی گئی ہے۔ فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس نے بھی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’ہماری دعائیں ایف ایس یو کے طلبہ، اساتذہ اور متاثرین کے ساتھ ہیں۔‘‘

فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی، جو ریاست کے دارالحکومت تلاہاسی میں واقع ہے، ریاست کی بارہ عوامی جامعات میں سے ایک ہے اور اس میں 44,000 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ یہ واقعہ امریکہ میں تعلیمی اداروں میں پیش آنے والے بڑھتے ہوئے پُرتشدد واقعات کی ایک اور کڑی کے طور پر سامنے آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔