برطانیہ میں چلتی ٹرین میں مچا کہرام، کئی لوگوں پر چاقو سے حملہ، دو مشتبہ افراد گرفتار
برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہنٹنگڈن کے قریب ٹرین پر ہونے والا حملہ انتہائی تشویشناک ہے، سبھی متاثرین کے ساتھ میری ہمدردی ہے۔

برطانیہ کے شہر کیمبرج شائر میں ہفتہ کی شام ایک ٹرین میں خوفناک واردات انجام دی گئی جس میں متعدد مسافروں کو چاقو مار کر زخمی کر دیا گیا۔ واردات کے فوری بعد پولیس نے ہنٹنگڈن اسٹیشن پر ٹرین کو روک کر دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ٹرین میں چاقوزنی سے کہرام مچ گیا جس کے بعد سیکیورٹی ایجنسیاں جائے وقوعہ کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
جانچ ایجنسی کے مطابق کیمبرج شائر کانسٹیبلری نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریباً 3.39 بجے شام پولیس کو اطلاع ملی کہ ٹرین میں سوار کئی مسافروں پر چاقو سے حملہ کیا گیا ہے۔ اس وقت ٹرین کیمبرج شائر کے علاقے سے گزر رہی تھی اور جیسے ہی ٹرین ہنٹنگڈن کے قریب پہنچی، پولیس نے اسے روک کر گھیرے میں لے لیا۔ مسلح پولیس اہلکار وں نے ٹرین میں چڑھ کر صورتحال کو قابو میں کیا اور موقع پر ہی دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا اور شدید زخمیوں کی حالت پر نظر رکھی جارہی ہے۔
کیمبرج شائر پولیس اور برٹش ٹرانسپورٹ پولیس (بی ٹی پی) مشترکہ طور پر واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ مسافروں پر چاقو سے حملہ کرنے کا مقصد کیا تھا۔ پولیس نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ اگر انھوں نے اس واقعہ کو دیکھا یا اپنے موبائل فون پر کوئی ویڈیو/ تصاویر ریکارڈ کی ہے تو وہ پولیس کی مدد کریں۔ علاقے کے رہائشیوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور سرکاری معلومات پر بھروسہ کریں۔
اس دوران برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہنٹنگڈن کے قریب ٹرین پر ہونے والا حملہ انتہائی تشویشناک ہے، سبھی متاثرین کے ساتھ میری ہمدردی ہے، میں ہنگامی خدمات کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ علاقے کے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔ وہیں برطانیہ کی ہوم سیکرٹری شبانہ محمود نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ دو مشتبہ افراد کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لوگوں کو اس وقت قیاس آرائیوں اور غلط خبروں سے گریز کرنا چاہیے۔
خبروں کے مطابق اس خوفناک حملے کے بعد ٹرین سروس متاثر ہوئی جس سے کئی مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا ہے اور فرانزک ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ زخمیوں کی تعداد اور ان کی حالت کے بارے میں ابھی تک تفصیلی معلومات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات آگے بڑھتے ہی مزید معلومات شیئر کی جائیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔