ناروے: مسجد پر فائرنگ کے بعد تمام مساجد کی حفاظت میں اضافہ

ناورے کی ایک مسجد پر شوٹنگ کے واقعے کے بعد یورپی ملک میں پولس کو چوکنا کر دیا گیا ہے۔ اوسلو کے نزدیک ہفتے کو ہونے والے اس حملے کے بعد ایک مشتبہ شخص سے چھان بین کا عمل جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے اتوار کے دن بتایا ہے کہ ناروے کے دارالحکومت کے نواح میں واقع ایک مسجد پر فائرنگ کرنے کے شبے میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا تھا، جس سے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم نے پولس سے تعاون کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ شوٹنگ کے اس واقعے کے بعد اوسلو اور نواحی شہروں میں واقع مساجد کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

یورپی ممالک میں گیارہ اگست بروز اتوار عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے اور اسی لیے کسی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر پولس چوکنا ہے۔ ناروے کی قومی پولس کے ڈائریکٹوریٹ نے البتہ کہا ہے کہ ابھی تک ایسی معلومات نہیں ہیں کہ 'ٹھوس خطرات‘ موجود ہیں۔ تاہم کہا ہے کہ سیکورٹی ادارے ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔


اوسلو کے مغرب میں واقع بایرم نامی میونسپلٹی میں ہفتے کے دن ایک مشتبہ شخص نے النور اسلامک سینٹر میں مبینہ حملہ کیا تھا۔ اوسلو پولس کے اہلکار رونے سیکیرڈ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ایک نمازی نے مشتبہ حملہ آور پر قابو پا لیا تھا، جس کے باعث حملہ آور معمولی زخمی ہو گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شبہ ہے کہ یہ شخص لوگوں کو قتل کرنے کی خاطر مسجد گیا تھا۔

اس مشتبہ شخص پر ایک خاتون کو قتل کرنے کا شبہ بھی ہے۔ پولس کے مطابق اس کے گھر سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے اور اس بارے میں بھی تفتیشی عمل جاری ہے۔ وکیل اونی فرائیز نے بتایا ہے کہ اتوار کے دن مشتبہ شخص سے پوچھ گچھ کی گئی ہے لیکن انہوں نے اس حوالے سے تفصیل بتانے سے گریز کیا۔


مسجد کے سربراہ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ حملہ آور نوجوان سفید فام تھا، جس نے سیاہ رنگ کا لباس، بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب حملہ آور مسجد میں داخل ہوا تو وہاں صرف تین افراد موجود تھے۔

پولس نے بتایا ہے کہ مشتبہ شخص کی آن لائن سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ اس مشتبہ حملہ آور نے مسجد پر مبینہ حملے سے کچھ گھنٹے قبل آن لائن پیغام جاری کیا تھا، جس میں اس نے مارچ میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ پر دو مساجد پر ہوئے حملوں کی ستائش کی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور اسلحے سے لیس تھا اور اس کی کارروائی کی وجہ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Aug 2019, 7:10 PM
/* */