سعودی عرب: نوجوان کی بہادری پر فدا ہوئے شاہ سلمان، 2.23 کروڑ روپے بطور انعام دینے کا کیا اعلان

فہد الدلباحی نے جرأت مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے جلتے ہوئے ٹرک کو پٹرول پمپ سے دور ایک کھلے علاقہ میں لے جا کر کھڑا کر دیا۔ اس کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا اور کئی لوگوں کی جانیں بچ گئیں۔

<div class="paragraphs"><p>سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان </p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

سعودی عرب میں ایک شخص کی بہادری نے پورے ملک کا دل جیت لیا ہے۔ ماہر فہد الدلباحی نامی شخص نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ایک بڑا حادثہ ٹال دیا۔ اس کی بہادری سے متاثر ہوکر سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبد العزیز نے بطور انعام 10 لاکھ سعودی ریال (تقریباً 2.23 کروڑ ہندوستانی روپے) دینے کا اعلان کیا ہے۔ دراصل یہ واقعہ ایک ہفتہ قبل کا ہے۔ فہد الدلباحی ریاض سے تقریباً 300 کلومیٹر دور اپنے گاؤں الصالحیہ سے لوٹ رہا تھا۔ راستے میں اس نے دیکھا کہ جانورں کے چاروں سے لدا ایک ٹرک آگ کی زد میں آ گیا ہے۔ ٹرک ڈرائیور نے آگ کی شدت سے خوف کھا کر ٹرک کو پاس ہی موجود ایک پٹرول پمپ کے پاس چھوڑ دیا۔ ایسے میں صورتحال کافی خطرناک ہو سکتی تھی، کیونکہ پٹرول پمپ پر آگ پھیل جانے کے بعد اس کو قابو کرنا کافی مشکل ہو جاتا۔

بتایا جاتا ہے کہ مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے ماہر فہد الدلباحی نے جرأت مندانہ قدم اٹھایا اور جلتے ہوئے ٹرک میں چڑھ کر اسے پٹرول پمپ سے دور ایک کھلے علاقہ میں لے جا کر کھڑا کر دیا۔ اس دلیرانہ کوشش کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا اور کئی لوگوں کی جانیں بچ گئیں۔ حالانکہ اس دوران وہ خود آگ کی زد میں آ کر بُری طرح جھلس گیا۔ بعد میں سول ڈیفنس ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے میں کامیاب رہی۔ ساتھ ہی فہد کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ فی الحال اس کا علاج ریاض کے کنگ سعود میڈیکل سٹی میں چل رہا ہے۔ ’سعودی پریس ایجنسی‘ کے مطابق اس کی صحت کی نگرانی خود ریاض کے نائب امیر شہزادہ محمد بن عبد الرحمن کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسپتال جا کر اس کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں اور افسران کو بہتر سے بہتر علاج مہیا کرانے کا حکم دیا۔


مذکورہ واقعہ نے سعودیہ میں الدلباحی کو ایک ہیرو بنا دیا ہے۔ عام لوگ اس کی بہادری کی کافی تعریف کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جب اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے بھی ان کی بہادری کی تعریف میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ شاہ سلمان کا یہ انعام نہ صرف اس کی بہادری کو تسلیم کرنا ہے بلکہ یہ پیغام دینا بھی ہے کہ سعودی حکومت اپنے بہادر شہریوں کی قدر کرنا جانتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔