رُمَیْصَاء: دنیا کی طویل قامت ترک خاتون، نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل

ترکی کی رُمَیْصَاء گِل جی نے دنیا کی سب سے طویل قامت زندہ عورت ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، ان کا قد 7 فٹ 7 انچ ہے اور ان کا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے

ترک خاتون
ترک خاتون
user

قومی آوازبیورو

انقرہ: ترکی کی رُمَیْصَاء گِل جی نے دنیا کی سب سے طویل قامت زندہ عورت ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ان کا قد 7 فٹ 7 انچ ہے اور ان کا نام گنیزبُک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ 24سالہ گِل جی نے پہلی بار 2014ء میں گنیزورلڈ ریکارڈز کا ٹائٹل حاصل کیا تھا۔اس وقت ان کی عمر 17 سال تھی اور انھیں سب سے اونچی نوعمر لڑکی ہونے کااعزاز دیا گیا تھا۔

گنیزورلڈ ریکارڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترک دوشیزہ کا لمبا قدوِیورسینڈروم نامی حالت کی وجہ سے ہے۔یہ ایک انتہائی نایاب حالت ہے اور یہ دیگرغیرمعمولی بیماریوں بشمول اسکیلیٹل کی پختگی میں تیزی سے اضافے کا سبب بنتی ہے۔

2014ءمیں گنیزورلڈ ریکارڈز میں سب سے طویل قامت لڑکی کا اعزاز پانے کے بعد سے رُمَیْصَاء گِل جی اپنے اس ٹائٹل کو دوسروں میں غیرمعمولی طبی صورت حال کا شکار لوگوں کے بارے میں شعور اجاگرکرنے کے لیے استعمال کر رہی ہیں تاکہ دوسرے ان کے نایاب طبی حالات کے بارے میں آگاہ ہوسکیں۔

انھوں نے کہاکہ ’’ہرنقصان کواپنے لیے ایک فائدے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے،لہٰذا اپنے آپ کو قبول کریں کہ آپ کون ہیں؟اپنی صلاحیت کو پہچانیں اور اس سے آگاہ رہیں اورخود کے لیے کچھ بہتر کرنے کی کوشش کریں۔‘‘


رُمَیْصَاء گِل جی گھومنے پھرنے کے لیے پہیّا گاڑی (وہیل چیئر)کا استعمال کرتی ہیں لیکن وہ واکر کا استعمال کرتے ہوئے بھی چل سکتی ہیں۔ وہ بتاتی ہیں کہ جب وہ کسی سڑک پرچل رہی ہوں تو ان کا قد لوگوں کو تجسس میں ڈال دیتا ہے۔البتہ زیادہ تر لوگ جب پہلی باران سے ملتے ہیں تومہربانی سے پیش آتے ہیں اورہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

اپنے فارغ وقت میں رُمَیْصَاء گِل جی اپنے خاندان کے ساتھ کھانے کے لیے گھر سے باہرجانا پسند کرتی ہیں۔وہ بتاتی ہیں کہ تیراکی انھیں فی الواقع آرام میں مدد دیتی ہے۔

گنیزورلڈریکارڈز کے ایڈیٹرانچیف کریگ گلینڈے کا کہنا ہے کہ ’’رُمَیْصَاء گِل جی کا ریکارڈ بُک میں واپس آنا اعزاز کی بات ہے۔‘‘ان کے حوالے سے کہا گیا کہ ہجوم میں باہرکھڑے ہونے پران کا ناقابل تسخیرجذبہ اورفخر ایک قوتِ محرکہ ہے۔ان کے بہ قول سب سے لمبی زندہ عورت کا زمرہ ایسا نہیں ہے جواکثرتبدیل ہوتا رہتاہے اور کسی ایک طویل قامت عورت کی جگہ جلد کوئی اورنئی عورت نہیں لیتی ہے، لہٰذا میں بہ خوشی اورپُرجوش انداز میں اس خبرکو دنیا کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں۔


گلینڈے بتاتے ہیں کہ یہ ریکارڈ ایک اور وجہ سے ’’مزید دلچسپی‘‘کا باعث ہے کیونکہ دنیا میں سب سے طویل قامت زندہ مرد کے ٹائٹل ہولڈرکا تعلق بھی ترکی سے ہے۔دنیا کے سب سے لمبے مرد سلطان کوسین کا قد 251 سینٹی میٹر (8 فٹ 2.8 انچ) ہے اورانھیں 8 فروری 2011ء میں دنیا کا سب سے طویل قامت مردہونے کا اعزاز دیا گیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ہماری طویل قامت افراد کی 67 سالہ تاریخ کا ایک نادرواقعہ ہے۔ آخری بار2009ء میں دونوں طویل قامت مردوخواتین کا ایک ہی قومیت سے تعلق تھا۔ تب چین کے باؤژی شون 236.1 سینٹی میٹر(7 فٹ 8.95 انچ) اور یاؤڈیفن (233.3 سینٹی میٹر (7 فٹ 7انچ) نے بالترتیب سب سے اونچامرد اورعورت ہونے کاریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

اس سے پہلے دنیا کی طویل قامت عورت ہونے کا اعزاز چین کی یاؤ ڈیفن ہی کے پاس تھا۔2010 ء میں آخری باران کا قد7 فٹ 7 انچ ریکارڈ کیا گیا تھا۔اب تک کی سب سے اونچی خاتون ژینگ جنلیان کا تعلق بھی چین سے تھا۔ان کے قد کی پیمائش 246.3 سینٹی میٹر (8 فٹ 1 انچ) ریکارڈ کی گئی تھی۔وہ 13 فروری 1982 کووفات پا گئی تھیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔