ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات میں 7.5 لاکھ افراد کی شرکت متوقع؛ روس، افغانستان، شام اور میانمار مدعو نہیں

رپورٹ کے مطابق ملک برطانیہ کی آخری رسومات میں جن ممالک کے کسی نمائندہ کو مدعو نہیں کیا گیا ان میں روس، بیلاروس، افغانستان، میانمار، شام اور وینزویلا شامل ہیں۔

ملکہ الزبتھ دوم کی میت / Getty Images
ملکہ الزبتھ دوم کی میت / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

لندن: برطانیہ کے لوگ 19ستمبر بروز پیر شاندار زندگی گزارنے اور عظیم وراثت چھوڑ کر جانے والی ملکہ الزبتھ دوم کی سرکاری آخری رسومات ادا کریں گے۔ ملکہ نے 9 ستمبر کو آخری سانس لی تھی اور تبھی سے شاہی خاندان اور برطانیہ کے لوگ سوگ منا رہے ہیں۔

آخری رسومات کے لیے ممالک کے سیاسی سربراہوں سے لے کر نمایاں شاہی خاندانوں کے افراد اور دنیا بھر سے معزز مہمان برطانیہ تشریف لا رہے ہیں۔ اگرچہ سرکاری مہمانوں کی فہرست ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہے، تاہم ’نیویارک پوسٹ‘ کی ایک رپورٹ میں ان ممالک کا ذکر کیا گیا ہے جنہیں آخری رسومات کے لئے مدعو نہیں کیا گیا ہے۔


رپورٹ کے مطابق ملک برطانیہ کی آخری رسومات میں جن ممالک کے کسی نمائندہ کو مدعو نہیں کیا گیا ان میں روس، بیلاروس، افغانستان، میانمار، شام اور وینزویلا شامل ہیں۔ آن لائن اشاعت کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے حال ہی میں شاہ چارلس سوم کی بادشاہت کے اعلان کے موقع پر نیک خواہشات پیش کی تھیں، تاہم مبینہ طور پر روس کو برطانیہ کی طرف سے تاحال انہیں آخری رسومات کے لیے دعوت نامہ نہیں دیا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شمالی کوریا، ایران اور نکاراگوا کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں، تاہم ملکی سربراہان کے بجائے صرف ان ممالک کے سفیروں کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ ایک اور خبر جو حال ہی میں گردش کر رہی ہے کہ آخری رسومات میں سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی شرکت کریں گے، تاہم نیویارک پوسٹ کے مطابق برطانیہ کی حکومت نے اس افواہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف موجودہ امریکی صدر اور ان کی اہلیہ ہی شرکت کریں گے۔ نیویارک پوسٹ نے مزید بتایا ہے کہ آخری رسومات میں 750000 افراد شریک ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔