اسرائیل کی جانب سے ابراہیمی مسجد پر قبضے کی کوشش بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار، قطر کی شدید مذمت
قطر نے ابراہیمی مسجد کا انتظام فلسطینیوں سے لے کر اسرائیلی یہودی کونسل کو دینے کی کوشش کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکانے والا قدم قرار دیا ہے

ابراہیمی مسجد / Getty Images
دوحہ: قطر نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہر الخلیل (ہیبرون) میں واقع تاریخی ابراہیمی مسجد پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے اسرائیل کی اس مجوزہ کارروائی کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ریاستِ قطر، ابراہیمی مسجد کے انتظام و انصرام کو فلسطینی مذہبی امور کی وزارت اور ہیبرون میونسپلٹی سے اسرائیلی نوآبادی 'کریات اربعہ' کی یہودی مذہبی کونسل کو منتقل کرنے کی مذموم منصوبہ بندی کی سختی سے مخالفت کرتی ہے۔ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو اشتعال دلانے کے مترادف ہے۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قطر ابراہیمی مسجد اور فلسطینی علاقوں میں دیگر مقدس مقامات کی تاریخی و قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کرتا ہے۔ قطر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی مقدسات کا تحفظ کرے اور اسرائیل پر دباؤ ڈالے کہ وہ فلسطینی عوام کی شناخت کو مٹانے کی پالیسیوں سے باز رہے۔
قابل ذکر ہے کہ ابراہیمی مسجد، جو مسلمانوں اور یہودیوں دونوں کے لیے مقدس مقام سمجھی جاتی ہے، ہیبرون شہر کے وسط میں واقع ہے۔ فلسطینیوں کے مطابق یہ مسجد اسلامی وقف کا حصہ ہے اور اس کا انتظام فلسطینی وزارت اوقاف اور مقامی بلدیہ کے پاس ہونا چاہیے لیکن اسرائیل اس مقام کو ہتھیانے کی کوشش میں ہے تاکہ شہر کے مشہور بازار شہداء اسٹریٹ کو ختم کیا جا سکے اور یہ علاقہ مکمل طور پر اسرائیلی کنٹرول میں آ جائے۔
رپورٹس کے مطابق ہیبرون شہر کے قلب میں اسرائیل کی ایک متنازعہ بستی قائم ہے جہاں 800 کے قریب اسرائیلی شہری رہتے ہیں، جن کی سکیورٹی کے لیے بھاری تعداد میں اسرائیلی فوج تعینات ہے۔ اس علاقے میں فلسطینیوں کی نقل و حرکت پہلے ہی شدید محدود ہے اور اسرائیل کی حالیہ کوششوں سے خدشہ ہے کہ مذہبی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
قطر کی یہ مذمت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان شدید جنگ جاری ہے، جس کے نتیجے میں غزہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ قطر نے اسرائیلی اقدامات کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکے اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔