سلیمانی قتل کیس: ایران نے ٹرمپ سمیت 48 افسران کو اشتہاری قرار دیا، ریڈ وارنٹ جاری

اسماعیلی کا کہنا ہے کہ انٹرپول کے ذریعے وارنٹ جاری کرنے کا مقصد تمام ملزمان کوعدلیہ کے حوالے کرنا اور ان پر اس جرم کے لیے مقدمہ چلانا ہے۔

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

ایران نے پاسداران انقلاب کی سمندری کارروائیوں کی ذمہ دار تنظیم 'قدس فورس' کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں مبینہ طور پرملوث ہونے کے الزام میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور 47 دیگر ملزمان کے انٹرپول کے ذریعے وارنٹ جاری کیے ہیں۔

ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے منگل کے روز کہا ہے کہ تہران نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف بین الاقوامی پولیس "انٹرپول" اور 47 دیگر ملزمان کے خلاف ایرانی پاسداران انقلاب کے قدس فورس کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کے الزام میں نوٹس جمع کروائے ہیں۔ قاسم سلیمانی کو امریکی ڈرون کے ذریعے امریکہ نے 3 جنوری 2020 ء کو بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرموت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔


اسماعیلی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایرانی عدلیہ نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سمیت سلیمانی کے قتل میں ملوث افراد کو ریڈ نوٹس جاری کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انٹرپول کے ذریعے وارنٹ جاری کرنے کا مقصد تمام ملزمان کوعدلیہ کے حوالے کرنا اور ان پر اس جرم کے لیے مقدمہ چلانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے بعد ہم اس نتیجے تک پہنچے ہیں کی سلیمانی کے قتل کی منصوبہ بندی اور اسے انجام دینے سمیت تمام مراحل میں 48 افراد ملوث ہیں۔ منصوبہ بندی کا آغاز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کیا۔ وہی اس کے اصل مجرم ہیں۔ انہوں نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس کے علاوہ امریکی محکمہ دفاع اور فوج کے وہ تمام عہدیدار جنہوں‌ نے اس آپریشن میں حصہ لیا سلیمانی کے قاتل ہیں۔


اسماعیلی نے بتایا کہ مشتبہ افراد کی فہرست میں خطے میں تعینات امریکی افواج کے کمانڈروں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان سبھی لوگوں کی شناخت کی گئی تھی اور اس جرم میں ان میں سے ہر ایک کے کردار کو درج کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں اور انہیں اشتہاری مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سلیمانی کے قاتلوں کے ریڈ وارنٹ ایک ایسے وقت میں جاری کیے گئے ہیں، جب حال ہی میں قاسم سلیمانی کے قتل کی پہلی برسی منائی گئی۔ سلیمانی کی برسی کے موقعے پر امریکا اور ایران کےدرمیان سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔