پوتن نے ناٹو پر نظر رکھنے کے لیے تیار کیا خفیہ جاسوسی سنٹر، سیٹلائٹ تصویروں نے راز سے اٹھایا پردہ!
سیٹلائٹ تصویریں بتاتی ہیں کہ جو ڈھانچہ تیار کیا جا رہا ہے، وہ ’سرکلرلی ڈسپوزڈ انٹینا ایرے‘ (سی ڈی اے اے) جیسا ہے۔ یہ سسٹم ریڈیو انٹلیجنس کا ماسٹر ہے۔ یہ دشمن ممالک کے ریڈیو پیغامات کو پکڑ سکتا ہے۔

ناٹو ممالک پر نظر رکھنے کے لیے روسی صدر ولادمیر پوتن نے ایک بڑا جاسوسی سنٹر تیار کر لیا ہے۔ یہ جاسوسی سنظر خفیہ طور پر تیار کیا گیا، لیکن سیٹلائٹ تصویروں اور اوپن سورس ریسرچ نے اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ سامنے آئی تصویروں کے مطابق یہ جاسوسی ٹھکانہ کلی ننگراد علاقہ میں تیار کیا گیا ہے اور آخری مرحلے کا کچھ کام جاری ہے۔ یہ وہی علاقہ ہے جو پولینڈ اور لتھوانیا (دونوں ہی ناٹو کے رکن ہیں) کے درمیان روس کا ’سیمی-ایکسکلیو‘ ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً 2 سال سے جاری یہ پروجیکٹ اب تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ تصویریں بتاتی ہیں کہ یہاں جو ڈھانچہ تیار کیا جا رہا ہے وہ ’سرکلرلی ڈسپوزڈ انٹینا ایرے‘ (سی ڈی اے اے) جیسا ہے۔ یہ سسٹم ریڈیو انٹلیجنس کا ماسٹر ہے۔ یہ دشمن ممالک کے ریڈیو پیغامات کو پکڑ سکتا ہے، ان کی سرگرمیوں کو ٹریک کر سکتا ہے اور یہاں تک کہ آبدوزوں تک پیغام بھی بھیج سکتا ہے۔
’نیوز ویک‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کلی ننگراد پہلے ہی یوروپ کا سب سے زیادہ فوجیوں والا علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں روس نے میزائلیں، رڈار اور بحریہ بیس تعینات کر رکھے ہیں۔ اب اس نئے جاسوسی سنٹر سے روس براہ راست ناٹو ممالک کے مواصلات کو پکڑنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ ٹھکانہ نہ صرف ناٹو کی جاسوسی کرے گا بلکہ بالٹک سمندر اور شمالی اٹلانٹک میں تعینات روسی آبدوزوں سے بھی بہتر طریقے سے رابطہ قائم کر سکے گا۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس خفیہ جاسوسی ڈھانچہ کا سائز کسی بھی موجودہ سی ڈی اے اے سے کہیں بڑا ہے۔ اندازہ کیا جا رہا ہے کہ انٹینا کا دائرہ ہی تقریباً 1600 میٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ تصویروں میں کئی گول گھیرے، انٹینا کے لیے تیار کیے گئے گڈھے اور سیکورٹی پر مشتمل موٹی دیوار صاف دکھائی دے رہی ہے۔ الگ الگ ادوار کی سیٹلائٹ تصویروں کا موازنہ کریں تو فرق صاف دکھائی پڑ رہا ہے۔ 2023 میں یہاں بڑا جنگل تھا، لیکن اب زمین دکھائی دے رہی ہے۔ گول گھیرے بھی بن چکے ہیں اور چاروں طرف سیکورٹی دیوار کھڑی کر دی گئی ہے۔ اگست 2025 تک 6 الگ الگ انٹینا رِنگز بن چکی ہیں۔ یعنی کام اپنے آخری مرحلہ میں تیزی کے ساتھ جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔