ایران کے جوہری ٹھکانوں پر حملہ کرنے کی تیاری! خفیہ رپورٹ میں اسرائیل کے خطرناک منصوبوں کا انکشاف
امریکی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان امن معاہدہ ہو جائے لیکن اسرائیل ایسا نہیں چاہتا ہے۔ اس کا نشانہ ہے کہ ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کر دیا جائے۔

اس سال کی شروعات اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی سے ہوئی ہے وہیں روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو بھی روکنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ لیکن اس کے باوجود ہمیشہ یہ خدشہ بنا ہوا ہے کہ کسی بھی وقت جنگ دوبارہ شدت اختیار کر سکتی ہے۔ امریکہ کی ایک خفیہ رپورٹ بھی اسی طرف اشارہ کر رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے ایران کے جوہری ٹھکانوں پر اس سال حملہ کیا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو مشرقی وسطیٰ میں ایک بڑی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ تیسری جنگ عظیم کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
2024 میں ایران اور اسرائیل کئی مرتبہ آمنے سامنے آئے اور جنگ کا خدشہ پیدا ہوا لیکن دونوں طرف سے کچھ حملوں کے بعد ہی حالات نرم پڑ گئے۔ اب اگر جوہری ٹھکانوں پر حملے ہوئے تو پھر حالات بے قابو ہو سکتے ہیں۔
سی این این کے مطابق اسرائیل کی ملٹری کا رخ ڈونالڈ ٹرمپ سے الگ ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان امن معاہدہ ہو جائے لیکن اسرائیل ایسا نہیں چاہتا ہے۔ اس کا نشانہ ہے کہ ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کر دیا جائے۔ اس کے علاوہ ملک میں تبدیلیٔ اقتدار بھی کرا دیا جائے۔ مانا جا رہا ہے کہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی کے لیے اسرائیل کی طرف سے فنڈنگ بھی کی جا سکتی ہے اور پالیٹکل وارفیئر ہو سکتا ہے۔
اس سے پہلے بھی اسرائیلی سیکوریٹی فورسز نے ایران کے ملٹری ٹھکانوں پر حملے کیے تھے۔ حالانکہ اب نئے حملے پہلے سے زیادہ سخت ہو سکتے ہیں۔ اس بار اسرائیل کی طرف سے ایران کے جوہری ٹھکانوں پر ہی حملے کیے جا سکتے ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے اقتدار پر موجودہ صدر کی پکڑ کمزور ہے۔ ایسے میں کمزور اقتدار کے دوران اس پر حملہ کرنا آسان ہوگا۔ وہیں امریکہ کی طرف سے اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے بھی ایران کمزور ہوا ہے۔ ایک امریکی افسر کے حوالے سے سی این این نے لکھا ہے کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ وہ ایران کے جوہری ٹھکانوں کو پوری طرح سے تباہ کر دے، حالانکہ وہ امریکی فوج کی مدد کے بغیر ایسا نہیں کر سکتا ہے۔
امریکی افسر نے کہا، "اگر اسرائیل چاہتا ہے کہ ایران کے جوہری ٹھکانوں کو تباہ کر دیا جائے تو اس کے لیے اسے امریکہ کی ہوا میں ہی تیل بھر سکنے والے فائٹر جیٹس اور بنکروں تک کو تباہ کر دینے والے بموں کی ضرورت ہوگی۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔