پوپ فرانسس کی آخری رسومات آج ویٹیکن سٹی میں ہوں گی ادا، دنیا بھر سے رہنما موجود

پوپ فرانسس کی آخری رسومات آج ویٹیکن سٹی میں ادا ہوں گی اس موقع پر عالمی رہنما موجود رہیں گے۔ صدر دروپدی مرمو بھی ویٹیکن میں موجود ہیں اور ہندوستان میں آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا

<div class="paragraphs"><p>Getty Images</p></div>

Getty Images

user

قومی آواز بیورو

ویٹیکن سٹی میں کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی آخری رسومات آج (26 اپریل) مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ادا کی جائیں گی۔ اس موقع پر دنیا بھر سے سربراہان مملکت، اعلیٰ سطحی وفود اور روحانی شخصیات موجود رہیں گی جو پہلے ہی ویٹیکن پہنچ چکی ہیں۔

خیال رہے کہ پوپ فرانسس کا انتقال 21 اپریل کو 88 برس کی عمر میں ہوا تھا۔ وہ گردوں کی بیماری اور ڈبل نمونیا میں مبتلا تھے۔ آخری دنوں میں انہیں وینٹی لیٹر پر بھی رکھا گیا تھا۔

آخری رسومات ویٹیکن سٹی کے سینیٹ پیٹرز اسکوائر میں ادا کی جائیں گی، اس دوان 130 سے زائد غیر ملکی وفود کی شرکت متوقع ہے۔ ویٹیکن کے مطابق 10 سربراہان مملکت اور 10 شاہی نمائندے اس موقع پر شریک ہوں گے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، فرانس کے صدر ایمانویل میکرون، برطانیہ کے پرنس ولیم، برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا اور دیگر عالمی رہنما ویٹیکن پہنچ چکے ہیں۔

صدر دروپدی مرمو بھی ویٹیکن میں موجود ہیں۔ انہوں نے کل شام سینیٹ پیٹرز بیسیلیکا میں پوپ کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی تابوت سیل کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ صدر مرمو دو دن کے ویٹیکن دورے پر ہیں۔


ہندوستان میں آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا، جبکہ مدھیہ پردیش حکومت نے دو دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پوپ فرانسس، جن کا اصل نام جارج ماریو برگولیو تھا، 2013 میں پوپ بنے۔ وہ لاطینی امریکہ سے منتخب ہونے والے پہلے پوپ تھے۔ ان کی قیادت میں کیتھولک چرچ نے کئی اصلاحات کیں، جن میں مذہبی رواداری اور سماجی انصاف کو نمایاں حیثیت دی گئی۔

پوپ کے آخری رسومات کی ادائیگی مذہبی روایات کے مطابق ہو گی۔ ان کے جسد خاکی کو خصوصی مذہبی لباس پہنایا گیا ہے۔ تدفین سے قبل ان کے سر کے نیچے مٹی اور سکے رکھے گئے ہیں۔ پوپ کو تین تابوتوں میں دفنایا جاتا ہے: پہلا صنوبر کی لکڑی کا، دوسرا سیسے کا اور تیسرا اوک کی لکڑی کا، جو باہر سے نظر آتا ہے۔ تدفین سینیٹ پیٹرز بیسیلیکا کے نیچے واقع غاروں میں ہو گی، جہاں سابق پاپا بھی دفن ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے پوپ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انہیں عاجزی، ہمدردی اور روحانی بصیرت کا پیکر قرار دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔