پوپ فرانسس اور انڈونیشیا کے شاہی امام نے امن اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیا

پوپ فرانسس نے انڈونیشیا کے دورے میں امام اعظم ناصر الدین عمر کے ساتھ امن اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیا اور تنازعات پیدا کرنے میں مذہب کے استعمال کے خلاف خبردار کیا

<div class="paragraphs"><p>Getty Images</p></div>

Getty Images

user

قومی آوازبیورو

جکارتہ: پوپ فرانسس نے انڈونیشیا کے دورے کے دوران امام اعظم امام کے ساتھ دنیا کو امن اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیا۔ پوپ فرانسس نے جکارتہ کی اسقلال مسجد کے امام اعظم کے ہمراہ ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے، جس میں مذہبی ہم آہنگی اور ماحولیاتی تحفظ پر زور دیا گیا۔ پوپ فرانسس نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ مذہب کو تنازعات پیدا کرنے میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

پوپ فرانسس اور امام اعظم نے اسقلال مسجد کی 91 فٹ لمبی سرنگ کا دورہ کیا جو مسجد کو قریب ہی موجود کیتھولک چرچ سے جوڑتی ہے۔ یہ سرنگ مذہبی بھائی چارے کی علامت سمجھی جاتی ہے اور مختلف مذہبی عقائد رکھنے والے لوگوں کی مشترکہ میراث کو ظاہر کرتی ہے۔


پوپ فرانسس نے اپنی تقریر میں کہا کہ تمام مذہبوں کے پیروکاروں کو سمجھنا چاہیے کہ ہم سب ایک ہی خاندان کے افراد ہیں اور سب کا آخری مقصد خدا تک پہنچنا ہے۔ انہوں نے موجودہ دور میں انسانیت کو جنگ، تنازعات اور ماحولیاتی تباہی کی وجہ سے ’سنگین بحران‘ سے دو چار قرار دیا۔

پوپ فرانسس نے امام اعظم کے ساتھ مل کر مذہبی ہم آہنگی اور ماحولیات کے تحفظ پر زور دیا اور اس بات پر اصرار کیا کہ مختلف مذہبی عقائد کے حامل لوگوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارہ ہونا چاہیے۔

انڈونیشیا دنیا کا سب سے بڑا مسلم اکثریتی ملک ہے اور 27.5 کی آبادی میں سے تین فیصد کیتھولک مذہب کے پیروکار ہیں۔ انڈونیشیا میں 6 سرکاری طور پر تسلیم شدہ مذاہب اسلام، پروٹسٹنٹ ازم، کیتھولک ازم، بدھ مت، ہندو مت اور کنفیوشس ازم ہیں۔

87 سالہ پوپ ایشیا بحرالکاہل خطے کے 11 روزہ دورے پر ہیں اور جمعرات کو انڈونیشیا میں ان کا آخری دن تھا۔ یہ ان کی مدت کار کے دوران ان کا طویل ترین غیر ملکی دورہ ہے۔ پوپ فرانسس یہاں سے پاپوا نیو گنی، تیمور لیسٹے اور سنگاپور کے لیے روانہ ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔