لیڈز میں شر پسندوں نے مسجد کو نذر آتش کیا

برطانیہ کے لیڈس سے شر پسندوں کے ذریعہ مسجد اور گرودوارے کو آگ لگانے کی خبر آئی ہے اور اس کو نفرت کے جرائم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لندن: برطانیہ میں شرپسندوں نے لیڈز کے بیسٹن علاقے میں ایک مسجد اور لیڈی پٹ لین میں واقع ایک گردوارے کو آگ لگا دی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ آج صبح تین بج کر چالیس منٹ پر پیش آیا، فائر بریگیڈ نے فوری آگ پر قابو پا لیا، مسجد کا مرکزی دروازہ آگ سے بری طرح جھلس گیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک 42 سالہ شخص کو اس سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔

لیڈز میں واقع گردوارے کو بھی چار بج کر بیس منٹ پر شرپسندوں نے نشانہ بنایا، دونوں عبادت گاہوں پر حملے کو پولیس نے نفرت انگیز قرار دیا ہے۔ بیسٹن کی جامع مسجد ابو ہریرا اور لیڈی پٹ لین میں گرو ناناک نشکام سیوک جتھا گرودوارے میں آگ لگائی گئی ۔ سکھ پریس ایسو سیشن نے کہا کہ گرو دوارے کے دروازہ پر پیٹرول سے بھری بوتل پھینک کر آگ لگائی جس کی وجہ سے الارم بج گیا اور مقامی لوگوں نے فائر بریگیڈ کو فون کیا اور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر جلدی قابو پا لیا۔

لیڈس کے ڈسٹرکٹ سی آئی ڈی کے ڈٹیکٹو انسپیکٹر رچرڈس ہولمس نے کہا ’’ہم دونوں معمالوں کو جوڑ کر دیکھ رہے ہیں کیونکہ دونوں قریب واقع ہیں اور آگ لگانے کا وقت بھی ایک ہی ہے۔ ہم جانچ کر رہے ہیں اور کیونکہ ان معاملوں کا تعلق مذہبی مقامات سے ہے اس لئے ان واقعات کو نفرت کے جرائم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ‘‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’سی سی ٹی وی کی جانچ کی جا رہی ہے اور ہم کسی عینی شاہد کے سامنے آنے کا انتظار کر رہے ہیں‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔