پولینڈ، ترکی سے مسلح ڈرون خریدنے والا پہلا نیٹو اتحادی ملک!

پولینڈ نیٹو میں شامل پہلا ملک ہے جو ترکی سے مسلح ڈرون خریدنے جا رہا ہے، پولش وزیر دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ ترکی سے بیراختر ٹی بی 2 ڈرونز کی پہلی کھیپ آیندہ سال ملک میں پہنچے گی

العربیہ ڈاٹ نیٹ
العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

انقرہ / وارساؤ: پولینڈ معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم (نیٹو) میں شامل پہلا ملک ہے جو ترکی سے مسلح ڈرون خریدنے جا رہا ہے۔ پولش وزیر دفاع میرئیس بلاچزک نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا کہ ترکی سے بیراختر ٹی بی 2 ڈرونز کی پہلی کھیپ آیندہ سال ملک میں پہنچے گی۔ یہ ڈرونز ٹینک شکن میزائلوں، پروجیکٹائل سے لیس ہوں گے۔ اس کے علاوہ پولینڈ ترکی سے لاجیسٹکس اور تربیتی پیکج بھی وصول کرے گا۔

پولش وزیر دفاع نے پولینڈ کے سرکاری ریڈیو کو بتایا ہے ’’بیراختر ٹی بی 2 ڈرونز نے جنگوں میں اپنا مؤثر اور کارآمد ہونا ثابت کیا ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا ہے کہ ان ڈرونز کی سروس ایک فوجی کمپنی کرے گی لیکن انہوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔ ترکی سے ان ڈرونز کی خریداری کے کنٹریکٹ پر آیندہ ہفتے پولش صدر آندرزے ڈوڈے کے انقرہ کے دورے کے موقع پر دست خط کیے جائیں گے۔


ادھر، انقرہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ترکی اس وقت دنیا میں ڈرونز (بغیرپائیلٹ طیارے) تیار کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن چکا ہے۔ ترکی مختلف اقسام کا اسلحہ اور دفاعی ساز و سامان تیار کرتا ہے۔ صدر رجب طیب ایردوان کی ہدایت پر مغربی ہتھیاروں پر انحصار کم کرنے کے لیے ترکی نے دفاعی ساز و سامان کی پیداوار بڑھا دی ہے۔

ترکی کی دفاعی ٹیکنالوجی کی کمپنی بیقار اب تک آذربائیجان، قطر، یوکرین اور لیبیا کو بیراختر ٹی بی 2 مسلح ڈرونز فروخت کر چکی ہے۔صدر ایردوآن نے مارچ میں کہا تھا کہ سعودی عرب نے بھی ان ڈرونز کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ کینیڈا نے اپریل میں ترکی کو ڈرون ٹیکنالوجی برآمد کرنے سے متعلق اجازت نامہ کو منسوخ کر دیا تھا۔ اس نے یہ فیصلہ آذری فوج کی آرمینیا کے خلاف ناگورنو قراباخ کی لڑائی میں ان ڈرونز کے استعمال کے بعد کیا تھا۔ کینیڈا نے جن آلات پر پابندی عاید کی تھی، ان میں بیقارمسلح ڈرونز کے کیمرا سسٹمز بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔