وزیر اعظم مودی نے کنگ چارلس سوم سے کی ملاقات، ہندوستان آنے کی دعوت دی
وزیر اعظم نریندر مودی نے برطانیہ کے دورے پر کنگ چارلس سوم سے ملاقات کی، صحت پر اطمینان ظاہر کیا، ماحولیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا اور ہندوستان آنے کی دعوت دی

لندن: وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ برطانیہ کے دوران جمعرات کو برطانوی بادشاہ چارلس سوم سے سینڈرنگھم اسٹیٹ میں ملاقات کی۔ یہ اسٹیٹ بادشاہ کی گرمائی قیام گاہ ہے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان صحت، ماحولیات، روایتی طریقہ علاج اور دوطرفہ تعلقات سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے آغاز میں وزیر اعظم مودی نے بادشاہ چارلس کی صحت میں بہتری اور ان کے شاہی فرائض دوبارہ سنبھالنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ کنگ چارلس حالیہ مہینوں میں صحت کے کچھ مسائل سے دوچار رہے تھے۔
اس ملاقات کے دوران آیوروید، یوگا اور پائیدار طرز زندگی جیسے موضوعات پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ان روایتی طریقوں کو دنیا بھر میں عام کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں تاکہ عوامی صحت کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزیر اعظم مودی اور کنگ چارلس نے ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی و تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں کا ماننا تھا کہ اس معاہدے سے دوطرفہ شراکت داری کو نئی رفتار ملے گی۔ وزیر اعظم نے برطانیہ کے بادشاہ کو ہندوستان میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ہوئی ترقی سے بھی آگاہ کیا اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ویژن پر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
نریندر مودی نے کنگ چارلس کا ان کی ماحول دوست مہم ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ میں شرکت کے لیے شکریہ ادا کیا اور انہیں ایک پودا پیش کیا۔ یہ پودا سینڈرنگھم اسٹیٹ میں موسم خزاں کے دوران لگایا جائے گا۔ مودی کی اس مہم کا مقصد لوگوں کو اپنی ماؤں کے اعزاز میں درخت لگانے کی ترغیب دینا ہے۔
ملاقات میں دولت مشترکہ (کامن ویلتھ) کے تحت دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔ انہوں نے اتفاق کیا کہ ہندوستان اور برطانیہ، دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر پائیدار ترقی کے لیے مل جل کر کام کر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بادشاہ چارلس کو ان کے پرتپاک استقبال کے لیے شکریہ ادا کیا اور انہیں ہندوستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ ملاقات کے بعد برطانوی شاہی خاندان نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) ہینڈل سے اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا، ’’آج دوپہر، بادشاہ چارلس سوم نے سینڈرنگھم ہاؤس میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات کے دوران، وزیر اعظم کی ماحول دوست پہل 'ایک پیڑ ماں کے نام' سے متاثر ہو کر ایک درخت کا تحفہ دیا گیا، جو اس موسم خزاں میں یہاں لگایا جائے گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔