جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کینیڈا پہنچے وزیراعظم مودی
وزیراعظم نریندر مودی جی-7 اجلاس میں شرکت کے لیے کینیڈا پہنچ گئے ہیں، جہاں مقامی و حکومتی نمائندوں نے ان کا استقبال کیا

وزیر اعظم مودی / آئی اے این ایس
وزیراعظم نریندر مودی جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کینیڈا کے شہر کیلگری پہنچ گئے۔ وہ کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کی دعوت پر اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق، ان کا استقبال کینیڈا میں قائم قائم مقام ہندوستانی ہائی کمشنر چنمے نائک، کینیڈین حکام اور مقامی آبادی کے نمائندہ گروپ ’فرسٹ نیشنز‘ کے رہنماؤں نے کیا۔
وزیراعظم مودی وہاں سے کناناسکس جائیں گے جہاں پیر کو سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان جی7 اجلاس کا آغاز ہو چکا ہے۔ منگل کو ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم مودی اور دیگر مدعو رہنما شریک ہوں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم مودی نے قبرس (سائپرس) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدر نکوس کرسٹودولائڈس سے ملاقات کی اور ہند-سائپرس تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔ روانگی سے قبل انہوں نے ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ جی-7 اجلاس عالمی مسائل پر خیالات کے تبادلے اور گلوبل ساؤتھ کی ترجیحات پر گفتگو کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
رپورٹ کے مطابق، جی-7 اجلاس میں وزیراعظم مودی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے جن میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر، اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلودی، جاپان کے وزیراعظم شیگیرو اشیبا، جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز، یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لیئن، یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور میزبان وزیراعظم مارک کارنی شامل ہیں۔
اس اجلاس میں مدعو دیگر عالمی رہنماؤں میں یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی، میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینباؤم، برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا ڈا سلوا، جنوبی کوریا کے لی جے میونگ، آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز اور جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا شامل ہیں۔
یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہندوستان میں پہلگام دہشت گرد حملہ اور ’آپریشن سندور‘ جیسے حساس معاملات سامنے آئے ہیں۔ ایسے میں وزیراعظم مودی کے لیے یہ موقع ہے کہ وہ دنیا کے طاقتور رہنماؤں کے ساتھ براہ راست گفتگو کریں۔
یہ دورہ ہند-کینیڈا تعلقات کے لیے بھی ایک نیا موقع فراہم کرتا ہے، خاص طور پر جب حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ رہے ہیں۔ نئے وزیراعظم مارک کارنی ان تعلقات کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔