اسپین میں پرواز بھرنے سے عین قبل طیارہ میں لگی آگ، سوار 159 لوگوں میں سے 18 ہوئے زخمی

سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ گھبرائے ہوئے مسافر فلائٹ سے سیدھے زمین پر چھلانگ لگا رہے ہیں۔ کچھ مسافر طیارہ کے پنکھ پر کود کر جان بچاتے ہوئے بھاگے۔

<div class="paragraphs"><p>اسپین میں ریان ایئر کے طیارہ میں لگی آگ، ویڈیو گریب</p></div>

اسپین میں ریان ایئر کے طیارہ میں لگی آگ، ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ہفتہ کے روز اسپین میں ایک بڑا طیارہ حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا، لیکن کم از کم 18 لوگ زخمی ضرور ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین کے پالما ڈی ملّورکا ہوائی اڈہ (پی ایم آئی) پر ہفتہ کے روز اچانک ریان ایئر بوئنگ 737 طیارہ میں آگ لگ گئی۔ اس آگ نے طیارہ کے اندر افرا تفری کا ماحول پیدا کر دیا اور مسافر اِدھر اُدھر بھاگنے لگے۔ یہ طیارہ پالما ڈی ملورکا سے پرواز بھر کر مانچسٹر پہنچنے والی تھی۔

اس حادثہ سے متعلق ’عرب ٹائمز‘ میں ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ایمرجنسی محکمہ کو اس سلسلے میں فوری اطلاع دی گئی۔ طیارہ میں آگ لگنے کی خبر ملتے ہی ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ نے راحت و بچاؤکاری کا عمل شروع کر دیا۔ فائر بریگیڈ اور سول گارڈ کے اراکین نے مسافروں کو بہ حفاظت طیارہ سے باہر نکالا۔ ساتھ ہی موقع پر ایمبولنس کو بھی اطلاع دی گئی۔ حادثہ کے بعد مسافروں کو ایمرجنسی دروازے سے باہر نکالا گیا، جس میں کچھ مسافروں نے جان بچانے کے لیے پہلے پنکھوں پر پہنچے، اور پھر سیدھے زمین پر چھلانگ لگا دی۔


سوشل میڈیا پر اس حادثہ کی ویڈیو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے، جس میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ گھبرائے ہوئے مسافر فلائٹ سے سیدھے زمین پر چھلانگ لگا رہے ہیں۔ الارم کے درمیان طیارہ سے بچنے کے لیے مسافر مشقت کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ کچھ مسافر طیارہ کے پنکھ پر کود کر جان بچاتے ہوئے بھاگے۔

ایمرجنسی سنٹر کے ایک ترجمان نے حادثہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کم از کم 18 افراد زخمی ہوئے ہیں اور انھیں طبی امداد مہیا کرائی گئی ہے۔ 6 مسافروں کو بغرض علاج اسپتال بھی لے جایا گیا ہے۔ حادثہ کے بارے میں ایئرلائنس کا کہنا ہے کہ 7 جولائی کو پالما سے مانچسٹر جانے والے طیارہ کو آگ سے متعلق الرٹ کی غلط لائٹ جلنے کے سبب پرواز روکنی پڑی۔ ایئرلائن نے یہ بھی مطلع کیا کہ مسافروں کو انفلیٹیبل سلائیڈ کی مدد سے اتارا گیا اور ٹرمینل پر واپس لایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔