ہند- پاک کشیدگی کے دوران دخل نہ دیتا تو خطرے میں پڑسکتی تھی پاکستانی وزیراعظم کی جان: ٹرمپ

ٹرمپ بارہا کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ جنگ ٹالنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ پچھلے سال 10 مئی کے بعد سے ٹرمپ نے 80 سے زیادہ بار ہندوستان پاکستان تنازع کو روکنے کا کریڈٹ لیا ہے

<div class="paragraphs"><p>امریکی صدر ڈونالڈ&nbsp;ٹرمپ </p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

امریکی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان اور پاکستان کے مابین تنازع پر ایک بار پھراہم بات کہی ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ مداخلت نہ کرتے تو دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑسکتی تھی جس سے پاکستانی وزیراعظم کی جان خطرے میں پڑ سکتی تھی۔ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے اپنی مدت کے پہلے 10 ماہ میں 8 جنگیں رکوائی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی تھی کہ یہ ایٹمی جنگ تک پہنچ سکتی تھی۔

ٹرمپ کے مطابق 3.5 کروڑ لوگوں نے کہا کہ اگر ان کی مداخلت نہ ہوتی تو پاکستان وزیراعظم کی موت ہو سکتی تھی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہم نے اسرائیل-ایران، آرمینیا- آذربائیجان، کانگواور روانڈا اور کمبوڈیا- تھائی لینڈ جیسی لڑائیاں بھی رکوائیں۔ ٹرمپ نے اسٹیو وٹ کوف، جیرڈ کشنر اور سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کی بھی تعریف کی۔


اس سے پہلے ٹرمپ بارہا کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ جنگ ٹالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پچھلے سال 10 مئی کے بعد سے ٹرمپ نے 80 سے زیادہ بار ہند۔ پاک تنازعہ کو روکنے کا کریڈٹ لیا ہے۔ وہ اس سے قبل بورڈ آف پیس ایونٹس اور دیگراہم تقریبات میں اس دعوے کا اعادہ کر چکے ہیں۔ تاہم وہ اکثر اپنے بیانات سے یو ٹرن بھی لیتے رہے ہیں۔

امریکی صدر کہتے رہے ہیں کہ اس وقت صورتحال انتہائی نازک تھی اور ان کی پہل سے بڑا ٹکراؤ ٹل گیا۔ حالانکہ ہندوستان ان کے اس دعوے کو مسلسل خارج کرتا رہا ہے۔ وزارت خارجہ نے بھی واضح طور پر کہا تھا کہ کسی تیسرے فریق کی مداخلت سے دشمنی نہیں روکی گئی اور یہ فیصلہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان ڈی جی ایم او سطح پر بات چیت کے بعد لیا گیا تھا۔


واضح رہے کہ پہلگام حملے میں 26 شہریوں کے قتل کے بعد ہندوستان نے 7 مئی 2025 کو پاکستان کے خلاف مشترکہ فوجی ’آپریشن سندور‘ شروع کیا۔ یہ کارروائی 7 سے 10 مئی تک جاری رہی جس میں فوج، فضائیہ اور بحریہ نے مشترکہ طور پر پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ ہندوستانی فریق نے بڑے پیمانے پر دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ہندوستان نے یہ آپریشن اپنے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Feb 2026, 11:41 AM