دنیا بھر میں 16 ارب لاگ اِن تفصیلات لیک، گوگل، فیس بک اور ایپل جیسے پلیٹ فارمز کے صارفین متاثر
سائبر سکیورٹی ادارے سائبرنیوز کے مطابق 16 ارب سے زائد لاگ اِن تفصیلات لیک ہو چکی ہیں، جن میں گوگل، فیس بک اور ایپل جیسے پلیٹ فارمز کے پاسورڈ بھی شامل ہیں

علامتی تصویر / آئی اے این ایس
دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، کیونکہ ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 16 ارب سے زائد لاگ اِن تفصیلات آن لائن لیک ہو چکی ہیں، جن میں گوگل، فیس بک اور ایپل جیسے بڑے پلیٹ فارمز کے صارفین کے پاسورڈز بھی شامل ہیں۔
یہ انکشاف معروف سائبر سکیورٹی ادارے سائبرنیوز نے کیا ہے۔ ادارے کے ماہرین کے مطابق، ان لیک شدہ تفصیلات کو مختلف سائبر جرائم پیشہ عناصر نے ڈیٹاسیٹس کی صورت میں آن لائن اپ لوڈ کیا ہے، جس سے ان افراد کو عام صارفین کے ذاتی اکاؤنٹس تک "بے مثال رسائی" حاصل ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ ڈیٹاسیٹس 30 مختلف ذرائع سے جمع کیے گئے ہیں، جن میں ہر ایک میں بڑی تعداد میں صارفین کی لاگ اِن تفصیلات موجود ہیں۔ ان تمام کو ملا کر مجموعی تعداد 16 ارب سے زائد بنتی ہے، جو دنیا کی کل آبادی سے بھی تقریباً دو گنا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب ہے کہ کئی صارفین کے ایک سے زیادہ اکاؤنٹس متاثر ہوئے ہیں۔
سائبرنیوز نے وضاحت کی ہے کہ یہ ڈیٹا لیک کسی ایک کمپنی پر سائبر حملے کا نتیجہ نہیں بلکہ مختلف وقتوں میں چوری کی گئی معلومات کو جمع کر کے ایک ساتھ لیک کیا گیا ہے۔ یعنی یہ ایک منظم سائبر جرم کی شکل ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ ہوتا رہا اور اب اپنے عروج پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ان لیکس کے پیچھے سب سے بڑا ہاتھ مختلف اقسام کے ’انفو اسٹیلرز‘ کا ہے۔ انفو اسٹیلر ایک خاص قسم کا بدنیتی پر مبنی سافٹ ویئر ہوتا ہے جو صارف کے کمپیوٹر یا موبائل میں چھپ کر حساس معلومات جیسے پاسورڈ، کریڈٹ کارڈ نمبر، یا دیگر پرائیویٹ ڈیٹا چرا لیتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ صارفین کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اپنے تمام اہم اکاؤنٹس کے پاسورڈ تبدیل کریں، دو مرحلوں پر مبنی توثیق (ٹو فیکٹر آتھنٹی کیشن) کا استعمال کریں اور مشکوک ایپس یا لنکس سے بچیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔