اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ ہلاک، سر پر رکھا 10 لاکھ امریکہ ڈالر کا انعام

دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ رہے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی موت کی خبر سامنے آئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق یہ دعویٰ امریکی خفیہ ایجنسی نے کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

القاعدہ سرغنہ رہ چکے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی موت ہو گئی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ خفیہ جانکاری کے مطابق اسامہ بن لادن کا بیٹا اب اس دنیا میں نہیں رہا۔ حالانکہ افسران نے اس سلسلے میں کچھ بھی واضح نہیں کیا کہ اس کی موت کہاں اور کس طرح ہوئی۔ کئی سوال ہیں جو اس وقت لوگ پوچھ رہے ہیں، مثلاً کیا اس کی موت میں امریکہ کا کسی طرح کا کوئی کردار ہے؟ اس کے ساتھ ہی یہ بھی صاف نہیں ہے کہ کیا امریکہ اس کی موت سے متعلق کوئی سرکاری اعلان کرے گا؟

قابل ذکر ہے کہ امریکی کارروائی میں اسامہ بن لادن کے مارے جانے کے بعد حمزہ ہی القاعدہ کی کمان سنبھال رہا تھا۔ جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے یہ پوچھا گیا کہ کیا امریکی خفیہ ایجنسیوں کو حمزہ کے مارے جانے کی خبر ہے، تو انھوں نے کہا کہ میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل نے حمزہ بن لادن کا نام اپنی ممنوعہ فہرست میں ڈال دیا تھا۔ اس سال فروری میں امریکی حکومت نے حمزہ کا پتہ بتانے والے کو 10 لاکھ یو ایس ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا۔ حمزہ نے امریکہ اور دیگر ممالک پر حملہ کرنے کی اپیل کرنے والے آڈیو اور ویڈیو پیغامات جاری کیے تھے۔


اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اور امریکہ کی جانب سے حمزہ کو لے کر سخت فیصلے لینے کے بعد سعودی عرب نے بھی حمزہ کی شہریت رَد کر دی تھی۔ حمزہ کی بیوی مصر کی شہری ہے۔ اسامہ بن لادن کے مرنے کے بعد سے اس کی بیویاں اور بچے سعودی عرب لوٹ گئے تھے جہاں انھیں سابق شہزادہ محمد بن نائف نے پناہ دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Aug 2019, 11:10 AM