نیو یارک کی خاتون پر ہندوستانیوں کو غیر قانونی طریقے سے امریکہ میں داخل کرانے کا سنگین الزام عائد
امریکی بارڈر پٹرولنگ پولیس نے خاتون کی گاڑی کو جنوری میں کیوبیک بارڈر کے قریب پکڑا تھا۔ ملزمہ کی گاڑی سے 4 غیر ملکی شہری پائے گئے جن میں 3 ہندوستانی شہری اور ایک کناڈائی شہری شامل تھے۔

امریکہ کے شہر نیویارک میں رہنے والی ایک خاتون پر انسانی اسمگلنگ کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں خاتون حال ہی میں عدالت میں فیڈرل جج کے روبرو پیش ہوئی۔ خاتون پر ہندوستانی سمیت کئی لوگوں کوغیر قانونی طریقے سے امریکہ میں داخل کرانے کا الزام ہے۔ ’امر اُجالا‘ پر شائع ایک خبر کے مطابق خاتون نے کناڈا کے راستے لوگوں کو امریکہ میں داخل کرایا تھا۔ خاتون کی شناخت اسٹیسی ٹیلر کے طور پر ہوئی ہے جو نیو یارک کے پلاٹسبرگ کی رہائشی ہے۔
اسٹیسی کو اکتوبر میں انسانی اسمگلنگ کی سازش کے معاملے میں ملزم بنایا گیا تھا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق امریکی بارڈر پٹرولنگ پولیس نے ٹیلر کی گاڑی کو جنوری میں کیوبیک بارڈر کے قریب پکڑا تھا۔ اسٹیسی کی گاڑی میں 4 غیر ملکی شہری پائے گئے جن میں 3 ہندوستانی شہری اور ایک کناڈائی شہری شامل تھے۔ یہ چاروں غیر قانونی طور سے امریکہ-کناڈا سرحد سے داخل ہوئے تھے۔ تفتیشی ایجنسیوں نے اسٹیسی کے فون کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ وہ کئی بار انسانی اسمگلنگ کے معاملات میں ملوث رہی ہے جس کا انکشاف اس کے ٹیکسٹ میسیجز سے ہوا۔
اسٹیسی کو جنوری 2025 میں گرفتار کیا گیا تھا اور ستمبر میں اس کے خلاف فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ اسٹیسی پر ذاتی فائدے کے لیے 4 غیر ملکی شہریوں کو غیر قانونی طور سے امریکہ میں داخل کرانے کا الزام ہے۔ ماہرین کے مطابق اس معاملے میں خاتون اگر مجرم پائی جاتی ہے تو اسے ہر انسانی اسمگلنگ کے معاملے میں 5 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔