ایک طرف بالین شاہ کو نیا وزیر اعظم بنانے کے مطالبہ نے پکڑا زور، دوسری طرف نیپالی صدر نے بھی دیا استعفیٰ
مظاہرین بالین شاہ کے حق میں ہیں، کیونکہ انہوں نے خود اس احتجاج کی حمایت کی تھی۔ پیر کو انہوں نے کہا تھا کہ ’’کوئی بھی سیاسی پارٹی، لیڈر یا کارکن اس احتجاج کا استعمال اپنے مفادات کے لیے نہ کریں۔‘‘

سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف ہوئے تشدد کے بعد وزیر اعظم کے پی اولی کے بعد اب صدر رام چندر پوڈیل نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔ ملک میں بڑھتے تشدد کے درمیان لگاتار نئے اپڈیٹ سامنے آ رہے ہیں، لیکن حالات قابو میں نہیں ہو رہے۔ تازہ ترین خبروں میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ جلد ہی نئے وزیر اعظم کے نام کا اعلان بھی ہو سکتا ہے۔ عبوری وزیر اعظم کے لیے کاٹھمنڈو کے میئر بالین شاہ کا نام سامنے آیا ہے۔ مظاہرین بھی ان کے نام کی حمایت میں ہیں۔ اگر بالین شاہ کی بات کریں تو وہ نوجوانوں کے اندر کافی مقبول ہیں۔ انہوں نے کے پی اولی کے استعفیٰ کے بعد کہا کہ ’’ملک کے قاتل (کے پی شرما اولی) نے استعفیٰ دے دیا ہے۔‘‘ انہوں نے مظاہرین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’جین-زی تحمل سے کام لیں اور ملک کی جائیداد کو نقصان نہ پہنچائیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’وہ آرمی چیف سے بھی بات چیت کے لیے تیار ہیں۔‘‘
نیپال میں مظاہرین کے ذریعہ بالین شاہ کی حمایت کی ایک اہم وجہ ہے۔ دراصل بالین شاہ مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے نظر آئے ہیں اور انہوں نے خود اس احتجاج کی حمایت بھی کی تھی۔ پیر کو انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ کوئی بھی سیاسی پارٹی، لیڈر یا کارکن اس احتجاج کا استعمال اپنے مفادات کے لیے نہ کریں۔ بالین شاہ نے کہا کہ یہ مظاہرہ 28 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کے لیے ہے۔ انہوں نے خود کو بھی اس سے دور رکھا کیونکہ ان کی عمر 35 سال ہے۔
مستعفی وزیر اعظم ’کے پی اولی‘ کے خلاف بالین شاہ کے بیان کے بعد سے ہی قیاس آرائیاں لگائی جا رہی ہیں کہ اس احتجاج کے پیچھے بالین شاہ کا ہاتھ تو نہیں۔ اور بھی کئی سوال اٹھنے لگے۔ کیا بالین نے ہی نیپال کے نوجوانوں کو اس مظاہرے کے لیے اکسایا؟ کیونکہ بالین اور اولی ایک دوسرے کے سخت مخالف مانے جاتے ہیں۔ اولی کے ساتھ طویل عرصے سے ان کا تنازعہ چل رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اولی کے استعفیٰ کے بعد بالین شاہ نے ان کو ملک کا قاتل کہا۔
اگر بالین شاہ کی بات کی جائے تو وہ کاٹھمنڈو سٹی کے میئر ہیں۔ انہوں نے 2022 میں میئر کا انتخاب جیتا تھا۔ وہ کاٹھمنڈو سٹی کے 15ویں میئر ہیں۔ ٹائم میگزین نے انہیں 2023 میں ٹاپ 100 کی لسٹ میں رکھا تھا۔ 27 اپریل 1990 کو کاٹھمنڈو کے نردیوی میں پیدا ہوئے بالین شاہ سول انجنیئرنگ میں گریجویٹ ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اسٹرکچرل انجنیئرنگ میں ماسٹر بھی ہیں۔ ساتھ ہی وہ میوزک پروڈیوسر بھی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔