’چین پر 100-50 فیصد ٹیرف عائد کرے ناٹو ممالک‘، روس-یوکرین جنگ روکنے کے لیے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی نئی پالیسی!
ٹرمپ نے کہا کہ ’’میرا ماننا ہے ناٹو ایک گروپ کی شکل میں چین پر 50 سے 100 فیصد ٹیرف عائد کرے، جسے روس-یوکرین کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے بعد مکمل طور سے واپس لے لیا جائے گا۔‘‘

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کئی سالوں سے جاری روس-یوکرین جنگ کو رکوانے کی پرزور کوشش میں مصروف ہیں۔ اب انہوں نے روس کو مزید کمزور کرنے کے لیے ناٹو ممالک سے چین پر 100-50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے لیے کہا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کا ماننا ہے کہ اس سے یوکرین میں جاری جنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ٹرمپ نے ہفتہ (13 ستمبر) کو ناٹو ممالک کے لیے ایک خط بھی جاری کیا ہے، جس میں ان سے روسی تیل بند کرنے اور روس پر مزید سخت پابندی عائد کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ٹرمپ کا یہ خط ان کی گزشتہ دھمکیوں کے بعد آیا ہے۔ اس میں انہوں نے یوکرین میں جنگ ختم کرنے کی سمت میں کوئی پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں ماسکو پر پابندی عائد کرنے اور اس سے تیل خریدنے والے ممالک، مثلاً سرفہرست خریدار چین اور ہندوستان پر مزید سخت پابندی عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’’جب تمام ناٹو ممالک متفق ہو جائیں گے اور ایسا کرنا شروع کر دیں گے، اور جب تمام ناٹو ممالک روس سے تیل خریدنا بند کر دیں گے تو میں روس پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘‘ واضح ہو کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر نے روسی تیل کی مسلسل درآمد کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستانی سامانوں پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا تھا، لیکن چین کے خلاف ایسی کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔
ٹرمپ نے تمام ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے خط میں کہا کہ ’’میں روس پر بڑی پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہوں، تمام ناٹو ممالک متفق ہو جائیں اور ایسا کرنا شروع کر دیں۔ تمام ناٹو ممالک روس سے تیل خریدنا بند کر دیں۔ خیر، جب آپ تیار ہوں تو میں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہوں۔ بتائیے کب؟ میرا ماننا ہے کہ اس کے ساتھ ہی ناٹو ایک گروپ کی شکل میں چین پر 50 سے 100 فیصد ٹیرف عائد کرے، جسے روس-یوکرین کے ساتھ جنگ کے خاتمہ کے بعد مکمل طور سے واپس لے لیا جائے گا۔‘‘
ٹرمپ نے اس خط میں مزید لکھا کہ ’’یہ قدم، اس خطرناک لیکن مضحکہ خیز جنگ کو ختم کرنے میں بہت معاون ثابت ہوگا۔ یہ ٹرمپ کی جنگ نہیں ہے (اگر میں صدر ہوتا تو یہ کبھی شروع نہیں ہوتا)، یہ بائیڈن اور زیلنسکی کی جنگ ہے۔ میں یہاں صرف اسے روکنے اور ہزاروں روسی اور یوکرینی لوگوں کی جان بچانے کے لیے ہوں۔‘‘ ٹرمپ کے مطابق ’’اگر ناٹو میری بات مان لیں تو جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور ان تمام کی جانیں بچ جائیں گی۔ اگر نہیں تو آپ صرف میرا وقت، امریکہ کا وقت اور پیسہ برباد کر رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔