برطانیہ کی دو جڑواں بچیاں، ایک کورونا سے متاثر، دوسری صحت مند!

رواں ہفتے ڈاکٹرز دونوں جڑواں بہنوں کے جینیاتی ٹیسٹ کریں گے۔ اس کے علاوہ دیگر ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے تا کہ یہ معلوم ہو سکے کہ یہ بچی لِیا کس بیماری میں مبتلا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لندن: برطانیہ میں نیو پورٹ (ساؤتھ ویلز) میں ڈاکٹروں کی ٹیم پانچ ماہ کی دو جڑواں بچیوں کے حوالے سے حیرت زدہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ’رائل گوینٹ‘ اسپتال کے ماہرین اس بات کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جڑواں شیر خوار بچیوں میں سے ایک بچی ’لیا‘ تو شدید نوعیت کے کرونا وائرس کا شکار ہو گئی جب کہ ہردم اسی کے ساتھ رہنے والی دوسری بہن ’تھیا‘ مکمل طور پر صحت مند ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق لِیا سنگین نوعیت کے انفیکشن سے متاثر ہوئی اور اس پر ظاہر ہونے والی علامات بھی مختلف نوعیت کی ہیں۔

برطانوی اخبار ڈیلی مِرر کے مطابق بچیوں کی 35 سالہ ماں ’ھینا گوڈوِن‘ نے گزشتہ ماہ اپنی ایک بیٹی لِیا کا بلند درجہ حرارت نوٹ کیا۔ ساتھ ہی بچی کے جسم پر الرجی کے واضح نشانات بھی موجود تھے۔ ماں نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جس پر پورے گھرانے کو نیو پورٹ شہر کے ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا۔


بچی کے تمام تر ٹیسٹوں اور معائنے سے یہ بات سامنے آئی کہ اس کے خون میں اینٹی باڈیز موجود ہیں۔ دیگر ٹیسٹوں سے تصدیق ہو گئی کہ یہ اینٹی باڈیز بچی کے سابقہ طور پر کرونا سے متاثر ہونے کا نتیجہ ہے۔ بعد ازاں بچی کو اس کی بہن کے ہمراہ کارڈف شہر میں بچوں کے ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ رواں ہفتے ڈاکٹرز دونوں جڑواں بہنوں کے جینیاتی ٹیسٹ کریں گے۔ اس کے علاوہ دیگر ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے تا کہ یہ معلوم ہو سکے کہ یہ بچی لِیا کس بیماری میں مبتلا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 May 2020, 10:40 PM