دنیا کے سبھی مسلمانوں کو متحد کرنے کی کوشش، مسلم ورلڈ لیگ کی انتہائی اہم پیش قدمی

سعودی عرب کے شہر مکہ میں مسلمانوں کو متحد کرنے کے لیے ایک بڑی کانفرنس منعقد کی گئی، اس کانفرنس کا مقصد مسلمانوں کو متحد کرنا ہے، اس میں نوجوانوں کے لیے بھی خصوصی پیغام دیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق کی اہمیت ہر دور میں مسلم رہی ہے۔ دنیا کے ان تمام ممالک میں جہاں مسلمان بستے ہیں، مختلف سطح پر اتحاد کی کوششیں ہوتی رہتی ہیں۔ اتحاد و اتفاق کی اسی اہمیت کے پیشِ نظر اب عالمی سطح پر بھی اس طرح کی کوشش شروع ہو گئی ہے جس میں پہل کیا ہے مسلم ورلڈ لیگ نے۔

مسلم ورلڈ لیگ نے سعودی عرب کے شہر مکہ میں پوری دنیا کے مسلمانوں کو متحد کرنے کے لیے ایک بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ اس نے مکہ مکرمہ میں 18 اور 19 مارچ کو دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا ہے جس میں دنیا کے کئی مسلم ممالک کے مذہبی رہنما شریک ہوئے۔ اس اجلاس کا مقصد اسلامی نظریات کے مختلف مکاتب فکر اور فرقوں کے باہمی اختلافات کو مٹا کر تمام مسلمانوں کو متحد کرنا ہے۔ یعنی اس کانفرنس کا مقصد دنیا کے مسلمانوں کو مختلف مکاتب فکر مثلاً شیعہ، سنی، دیوبندی، بریلوی وغیرہ کے اختلافات مٹا کر متحد کرنا ہے۔


اس کانفرنس کا اہتمام شاہ سلمان نے کیا تھا۔ مسلم دنیا کو متحد کرنے کی یہ پہل 2019 میں ’مکہ اعلامیہ چارٹر‘ کے نام سے کی گئی۔ اس چارٹر کا مقصد مسلمانوں کے ساتھ اپنے اختلافات کو ایک جانب رکھتے ہوئے مشترکہ مقاصد حاصل کرنا ہے۔ یہ چارٹر مسلمانوں میں تنوع کو قبول کرتا ہے، لیکن اسلام کے بنیادی اصولوں اور قوانین پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔

اس اجلاس میں دنیا بھر سے مفتیان کرام نے شرکت کی۔ سب نے اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے امت مسلمہ کو متحد کرنے کی بات کی۔ کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اس چارٹر کے ذریعے اسلامی مکاتب فکر اور فرقوں کے درمیان تنوع کو سمجھا جائے اور اسے باہمی اختلافات کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ اس کے علاوہ اسلامی اتحاد کے فروغ میں تعلیم اور میڈیا کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔


کانفرنس میں جاری ہونے والے چارٹر میں نئی ​​نسل کو اسلامی برادری کے تاریخی واقعات سے سبق حاصل کرتے ہوئے غیر ضروری بحث و مباحثہ سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چارٹر میں کہا گیا ہے کہ مختلف اسلامی فرقوں کے درمیان باہمی مکالمہ پیدا کیا جائے اور تصادم پیدا کرنے والے الفاظ اور نعروں سے ہوشیار رہا جائے۔ یہ چارٹر اس بات پر بھی زور دیتا ہے کہ مسلم ممالک کے اتحاد اور طاقت کو بڑھانے کے لیے متنوع اسلامی برادریوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔