امریکہ میں کورونا سے 2.67 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موت، کیلی فورنیا میں صورتحال کافی خراب

امریکہ کے نیویارک، نیو جرسی اور کیلی فورنیا صوبے کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ تنہا نیویارک میں کورونا انفیکشن کے سبب 34605 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: عالمی وبا کورونا وائرس سے سنگین طور پر متاثر امریکہ میں اس کے انفیکشن سے اب تک 2.67 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ امریکہ میں یہ وبا بڑی شکل اختیار کرچکی ہے اور اب تک یہاں 1.35 کروڑ سے زیادہ لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔

امریکہ کی جان ہاپکنس یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ کے مرکز (سی ایس ایس آئی) کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 267888 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 13525889 ہوگئی ہے۔


امریکہ کے نیویارک، نیو جرسی اور کیلی فورنیا صوبے کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ تنہا نیویارک میں کورونا انفیکشن کے سبب 34605 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ نیو جرسی میں اب تک 16993 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ کیلی فورنیا میں کووڈ سے اب تک 19153 لوگوں کی موت ہوئی، ٹیکساس میں اس کے سبب 21896 لوگ اب تک اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ فلوریڈا میں اس وائرس سے 18597 لوگوں کی جانیں گئی ہیں۔ اس کے علاوہ میساچوسیٹس میں 10748 جبکہ پنسلوانیہ میں کورونا سے 10335 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

کیلی فورنیا میں کورونا کی صورتحال کافی خراب

امریکہ کے کیلی فورنیا صوبے میں آئندہ کچھ ہفتوں میں عالمی وبا کورونا وائرس کے معاملوں میں کافی اضافہ ہوسکتا ہے اور اسپتالوں کا موجودہ نظام حالت کو سنبھالنے میں ناکافی ثابت ہوگا۔ کیلی فورنیا کے گورنر گوون نیوسم اور ان کے اعلی مشیروں نے یہ اشارے دیئے ہیں۔


نیوسم نے کہا کہ وہ کورونا کی روک تھام کے سلسلے میں اس مہینے کے شروع میں اسٹے ہوم جیسے سخت احکامات پر غور کررہے ہیں۔ صحت اور انسانی خدمات کے سکریٹری ڈاکٹر مارک گھالی نے کہا کہ صوبے میں کورونا انفیکشن کی شرح فی 10 لاکھ پر 34 فیصد ہوگئی ہے۔ موجودہ وقت میں کیلی فورنیا میں ہر روز اوسطاً 59 سے زیادہ مریضوں کی اموات ہو رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔