’امارات کا دورہ کرنے والا اسی ویزے پر سعودی عرب بھی جا سکے گا!‘

مشترکہ ویزے کے اجرا کے لیے سعودی عرب اور امارات کے درمیان رابطہ کاری

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

متحدہ عرب امارات کے وزیر معیشت انجینئر سلطان المنصوری نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب اور امارات کے درمیان مشترکہ ویزوں کے اجرا کے حوالے سے دونوں ملکوں کے بیچ رابطہ کاری جاری ہے۔ اس طرح امارات کا دورہ کرنے والا کوئی بھی فرد اس ویزے پر سعودی عرب بھی جا سکے گا اور اسی طرح اس کے برعکس بھی ممکن ہو گا۔ سعودی روزنامے "الاقتصادیہ" کے مطابق مشترکہ ویزے کا مقصد سعودی عرب کے اُن بڑے اقدامات سے استفادہ ہے جو وہ سیاحوں کے مملکت میں داخلے کو آسان بنانے کے واسطے کر رہا ہے۔

المنصوری نے توقع ظاہر کی ہے کہ مشترکہ ویزے کے منصوبے کا اطلاق سال 2020 کے دوران ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت اس حوالے سے فریقین کے درمیان مشترکہ اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اماراتی وزیر کے مطابق یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی پروازوں کی تعداد بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پروازوں کی حالیہ تعداد نا کافی ہے اور اسے دو گنا کرنے کی ضرورت ہے۔


المنصوری نے مزید کہا کہ مذکورہ منصوبے پر عمل درامد سے امارات اور سعودی عرب میں قومی کمپنیاں مستفید ہوں گی اور سیاحت، ہوائی اڈوں اور ہوٹلوں کے سیکٹرز کو فروغ حاصل ہو گا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری Future Investment Initiative کے اجلاس کے دوران سلطان المنصوری نے باور کرایا کہ یہ ایک اہم کانفرنس ہے ،،، اس سے استفادہ محض سعودی عرب کی سطح تک محدود نہیں بلکہ یقینا پورے خطے کی سطح پر ہے جس میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Oct 2019, 7:11 PM
/* */