’پتہ تھا کچھ ہونے والا ہے‘، پاکستان پر ہندوستان کی کارروائی پر امریکی صدر کا ردعمل

وزارت دفاع نے ہندوستانی فوج کی کارروائی پر کہا کہ 26 بے قصور لوگوں کی موت کے بدلے ہندوستان نے ’آپریشن سندور‘ شروع کیا ہے جو وحشیانہ پہلگام حملے کا ایک صحیح جواب ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

پہلگام حملے کے جواب میں ہندوستان نے پاکستان کے کئی ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے، جس میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔ ہندوستان کی اس کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ لوگوں کو پہلے سے ہی پتہ تھا کہ کچھ ہونے والا ہے۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے کہا، ’’ہم نے اس کے بارے میں تب سنا جب ہم اوول کے دروازے سے اندر جا رہے تھے۔ میرا خیال ہے کہ ماضی کے کچھ واقعات کو دیکھتے ہوئے لوگوں کو اندازہ تھا کہ کچھ ہونے والا ہے۔ وہ ایک طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں — کئی دہائیوں سے۔ بلکہ اگر غور کریں تو صدیوں سے لڑ رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ بہت جلدی ختم ہو جائے گا۔‘‘


وہیں، امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے ہندوستانی فوج کے ’آپریشن سندور‘ پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا، ’’ہم نے اس سے متعلق رپورٹس دیکھی ہیں، تاہم فی الحال ہمارے پاس اس کی مکمل تفصیلات نہیں ہیں۔ یہ ایک ابھرتی ہوئی صورتحال ہے اور ہم اس پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘‘

دریں اثنا، وزارت دفاع نے ہندوستانی فوج کی کارروائی پر کہا کہ 26 بے قصور لوگوں کی موت کے بدلے ہندوستان نے ’آپریشن سندور‘ شروع کیا ہے جو وحشیانہ پہلگام حملے کا ایک صحیح جواب ہے۔

واضح رہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے تحت ہندوستانی فضائیہ نے بہاول پور، مریدکے، باگھ، کوٹلی، مظفر آباد، سیالکوٹ، گلپور، بھمبر اور چک امرو میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق برہموس میزائل اور رافیل طیاروں کا استعمال کرکے ان ٹھکانوں پر عین مطابق حملے کیے گئے۔ ہندوستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں میں 42 دہشت گردوں کے لانچ پیڈس میں سے 9  کو پوری طرح سے تباہ کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔