اے آئی کی وجہ سے خطرے میں نوکریاں! 41 فیصد کمپنیوں میں ملازمین کی چھٹنی کرنے کی تیاری
چھٹنی کا اثر سب سے زیادہ ٹیکنالوجی، میڈیا، فائنانس، مینوفیکچرنگ اور ریٹیل جیسے شعبوں پر پڑنے والا ہے۔ ڈبلیو ای ایف کی فیوچر آف جابس رپورٹ میں شائع نتائج میں چونکانے والے انکشافات ہوئے ہیں۔

مصنوعی ذہانت / Getty Images
پوری دنیا میں مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی تیزی سے اپنی جڑیں مضبوط کر رہا ہے۔ اے آئی کا دائرہ بڑھنے کے ساتھ ہی نوکری پیشہ لوگوں میں اسے لے کر فکرمندی اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔ کئی لوگ اسے نوکری کے لیے ایک بڑا مسئلہ قرار دے رہے ہیں تو کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اسے ایک موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
وہیں عالمی سطح کے ایک جائزہ میں اس سلسلے میں چونکانے والے انکشافات ہوئے ہیں۔ جانکاری کے مطابق 41 فیصد کمپنیاں اپنے ملازمین کی تعداد کم کر سکتے ہیں کیونکہ ان کی جگہ دھیرے دھیرے مصنوعی ذہانت (اے آئی) لے گی۔ ڈبلیو ای ایف کی فیوچر آف جابس رپورٹ میں شائع نتائج کے مطابق دنیا بھر میں جائزہ کے دوران بڑی کمپنیوں میں سے 77 فیصد نے یہ بھی کہا کہ وہ 2030-2025 کے درمیان اپنے موجودہ ملازمین کو اے آئی کے ساتھ بہتر کام کرنے کے لیے دوبارہ تربیت اور بہتر بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
ریاستہائے متحدہ امریکہ میں گزشتہ دو برسوں میں دیکھی گئی چھٹنی کی لہر 2025 تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس کا اثر ٹیکنالوجی، میڈیا، فائنانس، مینوفیکچرنگ اور ریٹیل جیسے شعبوں پر پڑے گا۔ اس چھٹنی کے پیچھے اقتصادی چیلنجز اور تیزی سے بڑھتی ٹیکنالوجی، خاص طور پر مصنوعی ذہانت اہم وجہ ہے۔ بزنس انسائیڈر کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کی 41 فیصد کمپنیوں کے ذریعہ اگلے پانچ برسوں میں اپنے ملازمین کی تعداد کم کرنے کا امکان ہے۔ چھٹنی کرنے والی کمپنیوں میں کئی بڑے نام شامل ہیں۔
ستیہ نڈیلا کی قیادت میں مائیکرو سافٹ اپنی اپڈیٹڈ پرفارمنس مینجمنٹ اسٹریٹیجی کے تحت چھٹنی کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی اپنے سیکوریٹی ڈپارٹمنٹ کو چھوڑ کر دیگر ڈپارٹمنٹ میں خراب مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو ہٹانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ امیزن کے سی ای او اینڈی جیسی نے بھی اعلان کیا ہے کہ تقریباً 14000 منیجریل کرداروں کو ختم کیا جائے گا تاکہ آپریشنل ایفیشینس بڑھایا جا سکے۔ اس چھٹنی سے کمپنی کو سالانہ 3 بلین ڈالر کی بچت کی امید ہے۔
میڈیا کمپنی واشنگٹن پوسٹ نے اپنے 4 فیصد ملازمین کی چھٹنی کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ ڈیجیٹل صارفین کی گھٹتی تعداد اور مالی نقصان کی وجہ سے لیا گیا ہے۔ حالانکہ یہ کمپنی صرف بزنس فنکشن سے متعلق ہے اور نیوز روم اس سے متاثر نہیں ہوگا۔ گلوبل انویسٹمنٹ مینجمنٹ کارپوریشن بلیک راک اپنے 21000 ملازمین میں سے 200 کی چھٹنی کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، حالانکہ چھٹنی کے باوجود کمپنی 2025 میں 2000 نئے ملازمین کو جوڑنے کی امید کر رہی ہے۔
درج بالا کمپنیوں کے علاوہ کئی دیگر کمپنیاں بھی ملازمین کی چھٹنی کرنے پر غور کر رہی ہیں۔ بریج واٹر ایسو سی ایٹس نے اپنے 7 فیصد ملازمین کو پہلے ہی نکال دیا ہے۔ الائی فائنانشیل نے 11000 ملازمین میں سے 500 کو ہٹانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔