جیریڈ آئزاک مین ہوں گے 'ناسا' کے نئے سربراہ، ٹرمپ نے باندھے تعریفوں کے پُل

ارب پتی صنعت کار جیریڈ کو خلا میں چلنے والے پہلے غیر پیشہ ور خلائی مسافر کا اعزاز حاصل ہے۔2021 میں انہوں نے زمین کا چکر لگانے والی پہلی پرائیویٹ اسپیس جیٹ فلائٹ میں ٹیم مینجمنٹ اور قیادت کی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

امریکی انتخاب جیتنے والے ریپبلکن پارٹی کے ڈونالڈ ٹرمپ 20 جنوری 2025 کو 47ویں صدر کے طور پر حلف لیں گے۔ حلف برداری سے قبل انہوں نے کئی اہم محکموں کے سربراہوں کا اعلان کر چکے ہیں۔ اب انہوں نے امریکہ میں 'ناسا' کے نئے سربراہ کے نام کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ نے جیریڈ آئزاک مین کو 'ناسا' کے سربراہ کے طور پر نامزد کیا ہے۔ جیرڈ آئزاک مین ٹرمپ کی نئی حکومت میں نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن یعنی ناسا کے سربراہ کے طور پر کام کریں گے۔

ٹرمپ نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ جیریڈ کو 'ناسا' کا سربراہ نامزد کرنے پر مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ یہ ایک بہترین بزنس لیڈر، پائلٹ، ایسٹروناٹ اور ایک قابل رہنما ہیں۔ جیریڈ آئزاک مین نے 25 برس سے اینٹگریٹیڈ پمنٹس اور کامرس ٹیکنالوجی کمپنی شفٹ4 کے بانی اور سی ای او کے طور بخوبی اپنی خدمات انجام دی ہیں۔

ایک دہائی سے زیادہ وقت تک جیریڈ نے ڈریکن انٹرنیشنل کے سی ای او اور شریک بانی کے طور پر بھی کام کیا ہے۔ یہ اپنی غیر معمولی صلاحیت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے پوسٹ میں بتایا کہ جیریڈ کو خلاء اور ریسرچ میں کافی دلچسپی ہے۔ ایک خلاباز کے طور پر ان کا تجربہ اور تندہی سے کام کرنا 'ناسا' کو بڑی اونچائیوں تک لے جائے گا۔


ناسا کے ایڈمنسٹریٹر کی اہم ذمہ داری ملنے سے جیریڈ آئزاک مین کافی خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناسا کی قیادت کرنے کے لیے وہ پُرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا "میرے آخری خلائی مشن پر میرے عملہ اور میں نے زمین سے کافی دور تک سفر کیا تھا۔ یہ اتنی زیادہ دوری تھی کہ جتنی گزشتہ نصف صدی میں کی ہوگی۔ انہوں نے پورے اعتماد کے ساتھ کہا کہ موجودہ وقت میں دوسرے خلائی عہد کی شروعات ہے۔ ایسے میں مینوفیکچرنگ، بایو ٹیکنالوجی، کھدائی اور شاید توانائی کے نئے ذرائع کے لیے کامیابی کے بہت سے امکانات ہیں۔

واضح ہو کہ امریکی ارب پتی صنعت کار جیریڈ کو خلا میں چلنے والے پہلے غیر پیشہ ور خلائی مسافر کا اعزاز حاصل ہے۔ پہلے خلائی مشن کے علاوہ 2021 میں انہوں نے زمین کا چکر لگانے والی پہلی پرائیویٹ اسپیس جیٹ فلائٹ میں ٹیم مینجمنٹ اور قیادت کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔