جاپان: ہگی بس طوفان سے 14 کی موت، 150 زخمی، 27 لاپتہ

جاپان میں ہفتہ کے روز بے حد طاقتور طوفان ’ ہگی بس ‘کی زد میں آنے سے کم از کم 14 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 150 سے زائد دیگر زخمی ہیں جبکہ اس دوران 27 افرادلاپتہ ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ٹوکیو: جاپان میں ہفتہ کے روز بے حد طاقتور طوفان ’ ہگی بس ‘کی زد میں آنے سے کم از کم 14 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 150 سے زائد دیگر زخمی ہیں جبکہ اس دوران 27 افرادلاپتہ ہیں۔ ہگی بس کے دوران کافی تیز رفتار ہوائیں چلیں اور ملک کے کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس سے لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔

مقامی میڈیا رپورٹوں میں اتوار کو اس کی تصدیق کی گئی ۔رپورٹوں کے مطابق طوفان کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی علاقوں کی اطلاع موصول ہو نا باقی ہے ۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ندیاں طغیانی پر ہیں اور ندیوں کا پانی رہایشی علاقوں میں گھس چکا ہے جبکہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے والے ملک کے وسطی، مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں بچاؤ و راحت کی کاروائیاں چل ہی ہیں۔


اس حادثے کے بعد ٹوکیو میٹروپولیٹن اور آس پاس کے علاقوں کے 250000 باشندوں کو اتوار کی صبح تک بغیر بجلی کے رہنا پڑا ۔ ان میں سے چیبا صوبے کے 109100 کنبے بھی شامل ہیں جنہیں بغیر بجلی کے اندھیرے میں رہنا پڑ رہا ہے ۔چیبا صوبے میں ستمبر میں ’ فکسائی‘ طوفان کے قہر کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی نے کہا کہ طوفان کے ساتھ چلی تیز آندھی کی زد میں آکر کئی مقامات پر بجلی کی لائنوں کو نقصانات پہنچا ہے اور درخت اور سائن بورڈبجلی کی لٹکتی ہوئی تاروں کے رابطے میں آ سکتے ہیں ۔ کمپنی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے تاروں کے پاس نہ جائیں اور نہ چھوئیں کیونکہ اس سے کرنٹ لگ سکتاہے۔


ٹوکیو ہانیدا ہوائی اڈے اور شینکانسن بلٹ ٹرین کی تمام خدمات کو اتوار کو بحال کر دیا گیا ۔ ہفتہ کو طوفان کی وجہ سے زیادہ تر ہوائی سروس اور ٹرین سروس کو ملتوی کر دیا گیا تھا ۔ اگرچہ ہانیدا ہوائی اڈے سے ہوکر اتوار کو آنے اور جانے والی زیادہ تر کئی پروازیں پہلے ہی منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ ٹوکیو سب وے کے آپریشن کو صبح میں سکیورٹی وجوہات کی معطل رکھا گیا تھا۔ جاپان کے مرکزی جزیرے هونشو میں 60 لاکھ سے زائد لوگوں کو گھر خالی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے اس سے پہلے ٹوکیو اور سائتا ما، كاناگاوا، یاماناشی ، ناگانو، شیزوکا ، نیگاتا اور فوکوشیما صوبوں میں سب سے زیادہ شدید بارش کا ایمرجنسی الرٹ جاری کیا تھا ۔ اتوار کی صبح تک، ایسی تمام الرٹ ہٹا دیے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔