جرمنی میں جیل برائے فروخت، جانیں کیوں؟

پہلے یہاں شراب کشید کی جاتی تھی، پھر دوسری عالمی جنگ کے زمانے میں یہ ایک بیگار کیمپ تھا اور پھر اس عمارت میں مشرقی جرمنی کے سیاسی قیدیوں کو رکھا گیا۔ سابقہ جیل کی یہ عمارت اب برائے فروخت ہے۔

جرمنی میں جیل برائے فروخت
جرمنی میں جیل برائے فروخت
user

ڈی. ڈبلیو

جرمن ریاست تھیورنگیا میں واقع اس سابقہ جیل کی قیمت تقریباً تین لاکھ یورو لگائی گئی ہے۔ یہ عمارت گیرا نامی شہر میں واقع ہے، جس کی آبادی ایک لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

اس عمارت کی دیواریں چھ میٹر اونچی ہیں۔ اس میں قیدیوں کی کوٹھریاں اور گاڑیوں کے کھڑے کرنے کے لیے ایک وسیع علاقہ بھی ہے۔ اس جگہ کا رقبہ تقریباً ساڑھے سات ہزار مربع میٹر پر بنتا ہے۔

اس تنصیب کو 1946ء سے 2017ء تک بطور جیل استعمال کیا گیا تھا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس قید خانے کو قبل از وقت ہی بند کر دیا گیا ہے کیونکہ زویکاؤ نامی شہر میں اس کے متبادل جیل کا 2023ء سے قبل افتتاح نہیں کیا جائے گا۔

اوسٹ تھیورنگر نامی اخبار نے ریاستی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے،’’بنیادی طور پر ریاست بہتر ساکھ اور قابل احترام بولی لگانے والے ہر اس خریدار کی پیشکش میں دلچسپی ظاہر کرے گی، جو اس جائیداد کو پائیدار انداز سے استعمال کرنے کا منصوبہ پیش کرے گا۔‘‘

یہ عمارت 1890ء میں تعمیر کی گئی تھی اور ابتدائی طور پر یہاں شراب کشید کی جاتی تھی۔ 1940ء کی دہائی میں اسے بیگار کیمپ بنا دیا گیا جبکہ 1945ء کے بعد سے اسے جیل کے طور پر استعمال کیا گیا۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد سابقہ سوویت یونین نے اسے خواتین کی جیل میں بدل دیا تاہم بعد ازاں اس میں صرف مرد قیدیوں کو رکھا جانے لگا۔

ایک رپورٹ کے مطابق اس جیل کے آخری تیس قیدیوں کو قریب ہی واقع ہوہنلوئیبن کے مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ عمارت پانچ منزلہ ہے اور اس میں کارخانے، باروچی خانہ، کپڑے دھونے کی جگہ، کوٹھریاں، دفاتر اور ملاقاتیوں کا کمرہ بھی موجود ہے۔ یہاں پر 149 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔