مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کا حملہ، 2 فلسطینی جاں بحق

اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ میں حملے کے دوران ہونے والی شدید جھڑپوں میں 2 فلسطینیوں کو قتل کر ڈالا۔ اسلامی جہاد گروپ کا کہنا ہے کہ مقتولین میں سے ایک اس کے سربراہ تھے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

رام اللہ: اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ میں حملے کے دوران ہونے والی شدید جھڑپوں میں 2 فلسطینیوں کو قتل کر ڈالا۔ ڈان میں شائع خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جہاد گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے ایک ان کے سربراہ تھے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

رواں ہفتے کے آغاز میں مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے پُرتشدد واقعات کے دوران اب تک 6 فلسطینی علیحدہ علیحدہ واقعات میں مارے جا چکے ہیں۔رواں برس کے آغاز میں اسرائیل میں سڑکوں پر ہونے والے حملوں کے بعد اسرائیل نے مغربی کنارے میں تقریباً روزانہ چھاپوں میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے جن میں سے اکثر مہلک جھڑپوں میں تبدیل ہوگئیں۔


فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ رواں برس 210 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو اگست میں غزہ میں ایک مختصر تنازع کے دوران جاں بحق ہوگئے تھے۔

اسی دوران اسرائیل اور مغربی کنارے میں حملوں میں 23 شہری اور 8 سیکورٹی اہلکار مارے گئے ، اسرائیلی فوجی اعداد و شمار کے مطابق جن میں 136 فلسطینی مارے گئے لیکن ان میں غزہ میں ہونے والی ہلاکتیں شامل نہیں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔